جیسوال کو مرکز میں یو پی اے حکومت برسر اقتدار آنے کا یقین

کانپور ۔ 30 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانپور سے کانگریس کے موجودہ ایم پی شری پرکاش جیسوال نے آج انتہائی پراعتماد لہجہ میں کہا کہ مرکز میں یو پی اے حکومت ایک بار پھر برسر اقتدار آئے گی ۔ جیسوال کا مقابلہ بی جے پی کے سینئر قائد مرلی منوہر جوشی ، ایس پی کے سریندر موہن اگروال اور بی ایس پی کے سلیم احمد سے ہے، نے کہا کہ ان کا اصل اور سخت مقابلہ بی جے پی سے ہے ۔ چیکری حلقہ انتخاب کے ایک پولنگ بوتھ پر ووٹ دینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بار ان کا سخت مقابلہ بی جے پی سے ہی ہوتا ہے اور اب کی بار بھی ایسا ہی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ان پر مختلف الزامات عائد کئے جانے کے بارے میں جب اخباری نمائندوں نے ان سے استفسار کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ جن لوگوں نے ان پر الزامات عائد کئے ہیں ، وہ انہیں چیلنج کرتے ہیں ، چاہے وہ نریندر مودی ہوں ، ارون جیٹلی یا مرلی منوہر جوشی ہوں لیکن کسی نے بھی ان کا چیلنج قبول نہیں کیا اور نہ ہی الزامات ثابت کئے ۔ جیسوال نے کہا کہ انتخابات کے دوران الزام تراشیاں کرنا معمول کی بات ہے جس کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ سہ پہر 3 بجے تک کانپور میں صرف 44 فیصد پولنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر الیکشن افسران نے کہا کہ 2009 ء میں سہ پہر 3 بجے تک صرف 37.90 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی ۔ کم سے کم جاریہ سال یہ تناسب کچھ بہتر ہے۔