جہیز ہراسانی کا شکار خاتون کی خودکشی

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) زائد جہیز کے لئے ہراسانی اور کردار پر شبہ سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ ٹپہ چبوترا پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ جہاں 28 سالہ خاتون کیرتی نے خودکشی کرلی جو گڈی ملکاپور علاقہ کے ساکن شخص بھاسکر کی بیوی تھی۔ ان دونوں کیرتی اور بھاسکر نے اپنی پسند سے لو میاریج کیا تھا تاہم گزشتہ چند روز سے بھاسکر بیوی کے کردار پر شک کرنے لگا اور اسے ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ 2 لاکھ روپئے زائد جہیز کی رقم مائیکے سے فوری لانے کے لئے بھاسکر بیوی پر دباؤ ڈال رہا تھا اور اس کی بیوی کو اذیت بھی دے رہا تھا۔ سابق میں بھاسکر کی اس حرکت پر کیرتی کے مائیکے والوں نے اسے رقم دی تھی۔ لیکن اب یہ شخص بیوی سے کہتا تھا کہ اس نے لو میاریج کرتے ہوئے خود کا بڑا نقصان کیا ہے۔ اگر وہ دوسری جگہ شادی کرتا تو اس کا بہت فائدہ ہوتا تھا۔ پولیس ٹپہ چبوترہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔