جہاں مسلمان 10 فیصد سے زائد ہوں ، فساد ضرور ہوتا ہے: ادتیہ ناتھ

نئی دہلی۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے شعلہ بیان لیڈر یوگی ادتیہ ناتھ نے اقلیتی فرقہ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں وہ 10 فیصد سے زائد ہیں ، وہاں فسادات ہوتے رہتے ہیں اور جہاں ان کی آبادی 35 فیصد سے زائد ہے ، وہاں غیرمسلموں کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔ انہوں نے رجت شرما کے ’’آپ کی عدالت ‘‘ پروگرام میں اشتعال انگیز تقاریر کا دفاع کیا۔ واضح رہے کہ یوگی ادتیہ ناتھ اُن تین قائدین میں شامل ہیں جنہیں بی جے پی نے اُترپردیش میں مجوزہ ضمنی انتخابی مہم میں ذمہ داری تفویض کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ اگر وہ ہمارے ایک آدمی کو ہلاک کریں گے تو وہ بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب سامنے والا شیطان ہو اور وہ انسان نہ ہو تو جواب دینا ضروری ہوجاتا ہے۔