جہادیوں کے زیرقبضہ موصل میں عراقی فوج داخل

بغداد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) عراق نے آج اعلان کیا کہ جہادیوں کے زیرکنٹرول شمالی شہر موصل میں اس کی فورسیس آج پہلی مرتبہ داخل ہوئیں جہاں ڈھائی سال سے داعش کا قبضہ تھا۔ عراقی فوجی مہم کی مشترکہ کمان نے اپنے بیان میں کہا کہ عراقی فورسیس اب جوئیدات المفتی علاقہ میں داخل ہوگئی ہیں جو شہر موصل کے بائیں کنارے پر واقع ہے۔ شہر موصول کو دریائے دجلہ منقسم کردیا ہے اور جوئیدات المفتی اس شہر کی جنوب مشرقی سمت ہے۔ موصل کو داعش کے قبضہ سے آزاد کرنے کیلئے عراقی فورسیس نے دو ہفتے قبل فوجی مہم شروع کی تھی اور اب کئی محاذوں پر پیشقدمی کررہی ہے۔

 

ملکیت نہ ہونے کے باوجود دھوکہ سے
فلیٹ فروخت کرنے والا ہندوستانی فرار
دوبئی۔ یکم ؍ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دوبئی میں ایک ہندوستانی شہری پر دھوکہ دہی کے الزامات عائد کئے گئے ہیں کیونکہ اس نے ایک مصری تاجر کو 250,000 ڈالرس کا چونا لگاتے ہوئے اسے وہ فلیٹ فروخت کردیا جس کا وہ (ہندوستانی) مالک نہیں تھا۔ فی الحال دھوکہ باز فرار بتایا گیا ہے اور اس کی شناخت بھی نہیں ہوئی ہے۔ تاہم اس کے خلاف اس کے غیاب میں دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ خلیج ٹائمز نے یہ رپورٹ دی۔ ایک مقامی عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے اپنے ایک دیگر مفرور ساتھی کے ساتھ ایک ایسی دستاویز تیار کی جس میں اسے مذکورہ فلیٹ کا مالک  بتایا گیا تھا۔ اس نے دعویٰ کیا تھا کہ دستاویزات دوبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔ یہ واقعہ ڈسمبر 2014ء اور جون 2015ء کے درمیان رونما ہوا اور اس کی اطلاع مقامی البرشا پولیس کو دی گئی۔ ملزم نے مصری تاجر کو 925,650 درہم (252,018 ڈالرس) کا چونا لگایا کیونکہ اس نے معاملت کچھ اتنی ہوشیاری سے کی کہ تاجر بھی یہ سمجھنے لگا کہ فلیٹ کا مالک وہی ہندوستانی ہے کیونکہ ملزم نے فلیٹ کی ملکیت کے جعلی کاغذات بھی مصری تاجر کو بتائے تھے۔