جھارکھنڈ میں مسلمانوں کے مسائل کی 15 فبروری تک یکسوئی کا تیقن : چیف منسٹر

رانچی 5 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جھارکھنڈ مسٹر ہیمنت سورین نے آج مسلم مذہبی رہنماؤں سے خواہش کی کہ وہ خود جھارکھنڈ وقف بورڈ کے صدر نشین کا انتخاب کرلیں ۔ انہوں نے مسلم رہنماؤں کو تیقن دیا کہ ان کے مطالبات کی 15 فبروری تک تکمیل کردی جائے گی ۔ مسٹر سورین نے جھارکھنڈ اسٹیٹ مومن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود نام کا انتخاب کرلیں اور مجھے دیں تاکہ صدر نشین وقف بورڈ کا تقرر کیا جاسکے ۔ مسٹر سورین کو آل انڈیا مومن کانفرنس کے ورکنگ صدر منظور احمد انصاری نے دس مطالبات پر مشتمل ایک چارٹر حوالے کیا جس کے بعد انہوں نے یہ پیشکش کی ۔ ان مطالبات میں صدر نشین وقف بورڈ اور ارکان کا تقرر بھی شامل ہے ۔

چیف منسٹر نے کہا کہ مسلم برادری کے کچھ مسائل پہلے ہی حل کردئے گئے ہیں اور کچھ کو حل کیا جا رہا ہے ۔ وہ تیقن دیتے ہیں کہ 15 فبروری تک ان مطالبات کی یکسوئی کردی جائیگی ۔ ان مطالبات میں رنگناتھ مشرا اورسچر کمیٹیوں کی جانب سے دی گئی سفارشات پر عمل آوری ‘ اردو اساتذہ کا تقرر اور 592 مدرسوں کیلئے رقمی امداد کی اجرائی شامل ہے جھارکھنڈ میں یو پی اے کے اتحاد کو ایک فطری اقتدار قرار دیتے ہوئے انہوں نے ادعا کیا کہ پانچ ماہ کے دور حکومت میں حکومت نے کئی ترقیاتی اقدام کئے ہیں جو گذشتہ 13 برس میں نہیں کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے اتحاد کو ووٹ دینے والوں میں نوجوانوں کی اکثریت تھی جو ملک کے حالات پر نظر رکھتے ہیں ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ سیاسی صورتحال پر نظڑ رکھتے رہیں ۔ کسی طر ح کی لہر کا شکار نہ ہوں۔ کانگریس لیڈر راجیندر پرساد سنگھ نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔