جگتیال میں پولیس کنٹرول روم تباہ

جگتیال۔ یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قلب شہر جگتیال نیو بس اسٹانڈ چوراستہ پر واقع ٹریفک پولیس کنٹرول روم سال نو کے موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے رات کے اوقات میں پتھراؤ سے کئے گئے حملہ میں تباہ ہوگیا۔ اس واقعہ سے جگتیال پولیس کے تحفظ پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ گذشتہ رات سال نو کے جشن کے موقع پر ہرکوئی خوشیاں منارہے تھے، پولیس کی جانب سے بھی ڈی ایس پی جگتیال پرمیشور ریڈی نے جگتیال پولیس عہدیداروں کے ساتھ رات 12بجے نیو بس اسٹانڈ سرکل پر واقع پولیس کنٹرول روم کے قریب کیک کاٹ کر خوشیاں مناتے ہوئے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی گئی۔کچھ دیر بعد نامعلوم افراد نے پولیس کنٹرول روم کو نشانہ بناتے ہوئے پتھراؤ کیا

اور تباہ و برباد کردیا جبکہ شہر میں کہیں بھی کسی اور چیز کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔ پولیس نے احتیاطی اقدامات کے طور پر جشن سال نو کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ٹیموں کو تشکیل دے کر شہر کے دیگر مقامات پر گشت کرنے میں مصروف تھے بالخصوص مسلم علاقوں میں بھی پولیس جیپ کے ذریعہ پٹرولنگ اور موٹر سیکل پر پولیس جوان بار بار سیٹی بجاتے ہوئے نوجوانوں کو بھگارہے تھے لیکن انہیں اپنے کنٹرول روم کی حفاظت کا خیال نہیں رہا۔ پولیس کنٹرول پر حملہ سے عوام میں عجیب و غریب بے چینی پائی جارہی ہے۔ پولیس کنٹرول روم کا ہی تحفظ نہ ہوسکا تو عوام کی حفاظت کا کیا ہوگا؟ ۔ پولیس کنٹرول روم پر نامعلوم افراد کا حملہ ٹریفک ایس آئی کی بے رحمی اور زیادتی کا نتیجہ محسوس کیا جارہا ہے۔ چند ماہ سے ٹریفک ایس آئی کی جانب سے شہر کی عوام بالخصوص موٹر سیکل اور مختلف گاڑیوں کی چیکنگ کے ذریعہ بے تحاشہ جرمانے عائد کرتے ہوئے پریشان کیا جارہا ہے اور آٹو ڈرائیورس کو بھی سڑکوں پر گاڑیاں ٹھہرانے پر جرمانہ کیا جارہا ہے بلکہ لاٹھی سے مارپیٹ کی جارہی تھی۔ سال نو کے موقع پر جشن میں مصروف پولیس عہدیداروں کیلئے یہ حملہ لمحہ فکر سے کم نہیں ہے۔