جگتیال میں سارقین کی ٹولی گرفتار

1.67لاکھ روپئے مالیتی موٹر پمپس و دیگر سامان ضبط

جگتیال۔/27 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں آج رورل پولیس سب انسپکٹر ستیش کمار اور ان کی ٹیم نے سارقین کی ٹولی کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے 4 برقی موٹر پمپس اور مندر کے چاندی اور تانبے کے سامان وغیرہ جس کی مالیت1.67 لاکھ ضبط کرتے ہوئے سارقوں کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ رورل سرکل انسپکٹر راجیش نے آج رورل پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور سارقوں اور سامان کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جگتیال آمینہ آباد سے تعلق رکھنے والے سید افضل عرف اجو اور خالد پاشاہ عرف ابو ہنمان واڑہ اور محمد اختر نے گزشتہ چند ماہ سے شہر جگتیال اور اطراف و اکناف کے مواضعات میں مندروں اور مکانات کے علاوہ کھیتوں میں زرعی باؤلیوں کو لگائے گئے برقی موٹرس کا سرقہ کررہے تھے ۔ آج سرقہ کا سامان دوسرے گاؤں میں فروخت کرنے کی اطلاع سب انسپکٹر ستیش کمار کو ملنے پر وہاں پہنچ کر انہیں گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے یہ سامان ضبط کیا اور ان کے خلاف سابق میں بھی کئی ایک مقدمات ہیں ۔ اہم سارق اختر فرار بتایا گیا ہے۔ سارقو ں کی گرفتاری میں سی سی ایس سرکل انسپکٹر محمد سرور کے اہم رول کی ستائش کی۔

جگتیال میں 28مراکز پر
انٹر میڈیٹ امتحانات
جگتیال۔/27 فروری، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آج صبح 9 بجے سے آغاز عمل میں آیا۔ جگتیال ضلع میں جملہ 19688 طلباء و طالبات کیلئے 28سنٹرس کا قیام عمل میں لایا گیا جس میں سال اول میں 10810 اور سال دوم میں 8878 طلباء و طالبات امتحان تحریر کررہے ہیں۔نقل نویسی روکنے کیلئے طلباء کی تنقیح کرتے ہوئے مراکز میں چھوڑا گیا ۔ اس موقع پر پولیس کا بھی معقول انتظام کیا گیا۔