جوہری کو دھمکانے کے الزام میں ایک شخص گرفتار

دیسی ساختہ پستول اور کارتوس ضبط، ڈی سی پی ویسٹ زون کی پریس کانفرنس
حیدرآباد 18 فروری (سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے وشاکھاپٹنم سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو دیسی ساختہ ہتھیار کی مدد سے جوہری کو دھمکانے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے آر سرینواس نے کہاکہ 42 سالہ ایم نرسمہا راؤ عرف سمپت راؤ اپنے دو ساتھیوں جے سریش کمار اور کار ڈرائیور کے رام بابو کی مدد سے اڈیشہ سے دیسی ساختہ پستول اور 10 کارتوس حاصل کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ گجرات سے تعلق رکھنے والے جوہری جنید کاروبار کے سلسلہ میں حیدرآباد پہونچا تھا تاکہ وہ 111 کیاریٹ کے قیمتی نگینے کو فروخت کرسکے۔ اُس نے سورت کے ایک بروکر پرکاش سے بھی رابطہ قائم کیا اور اُس کی مدد سے نرسمہا راؤ اور سریش سے ملاقات کی۔ 30 جنوری کو مذکورہ افراد نے جنید کو گولکنڈہ انسٹی ٹیوٹ آف ڈائمنڈس لیاب واقع روڈ نمبر 8 بنجارہ ہلز کو نگینے کی جانچ کے بہانے لے گیا اور منصوبہ بند طریقہ سے پرکاش سے نرسمہا راؤ نے جھگڑا کیا اور نگینہ حاصل کرتے ہوئے وہاں سے راہ فرار اختیار کرلی۔ نرسمہا راؤ نے اڈیشہ سے رائے گڈہ تعلق رکھنے والے ایک نامعلوم شخص سے دیسی ساختہ پستول اور 10 کارتوس حاصل کئے تاکہ نگینے کو لوٹنے کے دوران کسی بھی قسم کی ہنگامی حالت میں اُس سے دھمکاسکے یا اُس کا استعمال کرسکیں۔ پولیس بنجارہ ہلز نے نرسمہا راؤ کو گرفتار کرتے ہوئے اُس کے قبضہ سے پستول، کارتوس، کار اور مسروقہ قیمتی نگینے کو ضبط کرلیا۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا گیا۔