جوکووچ کو درجہ بندی میں ایک مقام کا نقصان، مرے بدستور نمبر ون

پیرس 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق عالمی نمبر ایک اور 12 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے والے سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کو ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں ایک مقام کا نقصان ہوا ہے اور اب وہ چوتھے سے پانچویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ نیز ان کی درجہ بندی میں مزید نقصان متوقع ہے کیوں کہ زخموں کی وجہ سے انھوں نے 2017 ء کا مابقی تمام سیزن آرام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دریں اثناء سوئزرلینڈ کے ٹینس اسٹار اسٹانسلس واؤرنکا کو ایک مقام کی ترقی ملی ہے اور اب وہ جوکووچ سے چوتھا مقام چھین چکے ہیں۔ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں سب سے اہم تبدیلی جرمنی کے ٹینس اسٹار الیگزینڈر زیرف ہے جنھیں تین مقامات کی ترقی حاصل ہوئی ہے اور اب وہ اپنے کیرئیر میں پہلی مرتبہ آٹھویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ارجنٹینا کے لیونارڈو میئر نے سب سے بڑی 89 مقامات کی چھلانگ لگائی ہے اور ہمبرگ اوپن میں کامیابی کی وجہ سے وہ اب 49 ویں مقام پر آچکے ہیں۔ابتدائی 3 مقامات پر کوئی تبدیلی نہیں ہے اور برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے بدستور رافل نڈال اور راجر فیڈرر سے آگے پہلے مقام پر فائزہیں۔مرے 7750 نشانات کے ساتھ پہلے ‘نڈال 7465نشانات کے دوسرے اور فیڈرر6545 نشانات کے ساتھ تیسرے مقام پر موجود ہیں۔نڈال اور فیڈرر میں نہ صرف پہلے مقام کے حصول کی دوڑ تیز ہوچکی ہے بلکہ آئندہ ہفتہ راجرس کپ میں یہ کھلاڑی اپنی دعویداری مزید مضبوط کریں گے۔خواتین کے زمرے میں ومبلڈن کی فاتح اسپینی کھلاڑی گاربین موگوروزا چوتھے جبکہ چیک چمہوریہ کی کرولینا پلیزکوا پہلے مقام پر موجود ہیں۔