جوکووچ جدوجہد کے بعد کامیاب

مونٹی کارلو۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ کے چمپئن اور دنیا کے نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ نے یہاں مونٹی کارلو ماسٹرز ٹینس ٹورنمنٹ کے دوسرے راؤنڈ میں فلپ کوہلشریبر کو سخت جدوجہد کے بعد شکست دی۔ جوکووچ نے مرد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں کوہلشریبر کو 6۔3، 4۔6، 6۔4 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ سربیائی کھلاڑی کیلئے مقابلہ مشکل رہا جس میں وہ آٹھ ڈبل فالٹ کر بیٹھے اور جیتنے کے لئے پانچ میچ پوائنٹ کی ضرورت پڑی۔ اگرچہ کوہلشریبر سخت مقابلہ کرنے کے باوجود جیت نہیں سکے جس کے ساتھ ہی جوکووچ سے ان کی شکست کی تعداد11 میچوں میں9 ہوگئی ہے ۔ انہوں نے گزشتہ ماہ انڈین ویلز کے تیسرے راؤنڈ میں سربیائی کھلاڑی کو شکست دی تھی ۔