جوکووچ اور اوساکا بدستور پہلے مقام پر فائز

زیورخ۔15مئی (سیاست ڈاٹ کام ) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی نئی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں مردوں میں سربیائی نواک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا پہلے مقام پر بدستور فائز ہیں۔ اسٹسپاس سٹیفانوس 2 درجے ترقی پا کر کیریئرمیں بہترین ساتویں نمبرپر پہنچ گئے۔ میڈرڈ اوپن چمپئن کیکی برٹنز نے کیریئر بہترین چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے اور وہ اس مقام پر پہنچنے والی پہلی ڈچ کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی کے تحت رافل نڈال دوسرے اور راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ڈومنک تھیم ایک منزل چڑھ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے الیگزینڈر زیوریف کو پانچویں مقام پر دھکیل دیا۔ کائی نیشکوری ایک درجہ ترقی پاکر چھٹے نمبر پر آ گئے جبکہ اسٹیفانوس کی ترقی کا تسلسل جاری ہے اور دو منزلیں چڑھ کر ساتویں نمبر پر آ گئے۔ دوسری جانب ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ اور اینجلیک کربر فی کس ایک درجہ اوپر چڑھ کر دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔ ہالینڈ کی کیکی برٹنز میڈرڈ اوپن خطاب جیت کر تین درجے ترقی کے بعدکیریئر بہترین چوتھے نمبر پر آ گئیں۔ پیٹرا کویٹووا تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلی گئیں۔ بلینڈا بینسک تین درجے بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر آ گئیں۔