جوکووچ‘ مرے اور کیویٹوا کی پیشقدمی

پیرس۔30مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ کوارٹر فائنل میں دفاعی چمپئن رافل نڈال سے ٹکراؤ کی سمت ایک اور قدم بڑھایاہے جیسا کہ انہوں نے رواں فرنچ اوپن کی تیسرے مرحلے کے مقابلے میں آسٹریلیائی کھلاڑی تناسی کوکیناکس کو راست سیٹوں میں 6-4 ‘ 6-4‘ 6-4 سے شکست دی ہے ۔ ایک اور مقابلے میں برطانوی نمبر ایک کھلاڑی اینڈی مرے بھی چوتھے راؤنڈ میں پہنچ چکے ہیں جیسا کہ ٹورنمنٹ کے 7ویں دن انہوں نے آسٹریلیائی ابھرتے کھلاڑی نک کیر جیاس کو راست سیٹوں میں 6-4 ‘ 6-2 ‘ 6-3 سے شکست دی ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ مرے کو تیسرے ہی راؤنڈ میں آسٹریلیا کے سب سے کامیاب ترین کھلاڑی کے سخت چیلنج کا سامنا رہے گا تاہم نک وہ کھیل پیش نہ کرسکے جس کی امید کی جارہی تھی ۔ علاوہ ازیں خاتون زمرے کے مقابلوں میں عالمی نمبر 4چیک جمہوریائی کھلاڑی پیٹرا کیویٹوا (تصویر میں)چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرچکی ہے جیسا کہ انہوں نے رومانیہ کی ٹینس اسٹار ایرینیا کیمیلیا کو راست سیٹوں میں 6-2 , 6-3 سے شکست دی ۔