جونئیر کالجس کیلئے 140 کروڑ روپئے جاری

بنیادی سہولیات کی فراہمی پر زور ‘ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری
حیدرآباد ۔ 30 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست کے تمام سرکاری جونیر کالجوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 140 کروڑ روپئے جاری کی ہے ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر امور تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر کے سری ہری نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ سرکاری مدارس ، جونیر کالجس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر اولین ترجیح دی جائے گی اور ممکنہ حد تک بنیادی سہولتوں میں اضافہ کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں جملہ 402 سرکاری جونیر کالجس پائے جاتے ہیں ۔ مسٹر سری ہری نے کہا کہ اندرون ایک سال تمام گورنمنٹ جونیر کالجس کیلئے مستقل و پختہ عمارتوں کی تعمیر عمل میں لائی جائیگی ۔ اور سوچھ تلنگانہ اور سوچھ اسکولس پروگرامس کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تمام سرکاری مدارس میں بیت الخلائیں ، پانی کی فراہمی اور برقی کی فراہمی کیلئے اقدامات شروع کئے جاچکے ہیں جبکہ آر آئی ڈی ایف ای 20 کے تحت 69 گورنمنٹ جونیر کالجس میں اڈیشنل کلاس رومس کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی اور اس کیلئے حکومت نے 50 کروڑ روپیوں کی منظوری دے دی گئی ہے اور اس طرح تمام گورنمنٹ جونیر کالجس میں تمام تر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے موثر و مثبت اقدامات کئے جائیں گے ۔