جولائی میں ہریتاہرم پروگرام کا بڑے پیمانے پر انعقاد

موسم برسات میں پودے لگانے کی ہدایت ، کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے تارک راما راؤ نے تلنگانہ کے شہری علاقوں میں ہریتا ہرم پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ آج بیگم پیٹ کیمپ آفس میں محکمہ جنگلات اور محکمہ بلدی نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے موسم برسات کے دوران ہریتاہرم پروگرام کو کامیاب بنانے کا جائزہ لیا۔ عہدیداروں نے وزیر بلدی نظم و نسق کو بتایا کہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں ساری ریاست میں بڑے پیمانے پر ہریتاہرم پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ کے تمام میونسپلٹیز میں ہریتاہرم پروگرام پر عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ماہ جون میں ہی تمام تیاریاں کرلینے سے بھی اتفاق کیا گیا۔ کے ٹی آر نے سی ڈی ایم اے سری دیوی کو تمام میونسپل کمشنرس کیلئے ایک خصوصی اورینٹیشن پروگرام کا انعقاد کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کتنے پودے لگانا سے اور کونسے مقامات پر لگانا ہے۔ اس کی پہلے ہی نشاندہی کرلینے کا مشورہ دیا۔ اس معاملے میں مقامی محکمہ مال کے عہدیداروں کا تعاون حاصل کرلینے پر بھی زور دیا۔ شہر حیدرآباد میں شجرکاری کی ذمہ داری گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو قبول کرنے دوسرے محکمہ جات سے تال میل کرتے ہوئے شہروں کے پارکس اور خالی اراضیات کا انتخاب کرتے ہوئے پودے لگانے کی ہدایت دی۔ شہر کے زونل سرکلس میں پریسیڈنٹ ویلفیر اسوسی ایشن کیلئے شعور بیداری پروگرامس کا اہتمام کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ کے ٹی آر نے تالابوں کے اطراف شجرکاری کیلئے محکمہ جات آبپاشی اور محکمہ مال کے عہدیداروں کی خدمات سے استفادہ کرنے کا جی ایچ ایم سی کو مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ شمشان گھاٹس میں بھی پودے لگانے کے احکامات جاری کئے۔