جوتوں کے انتخاب سے خود کو سمجھئے

کیا آپ یہ بات جانتی ہیں کہ لباس کی طرح جوتے کا بھی شخصیت پر اثر ہوتا ہے ۔ فرض کریں شخصیت گھر ہے تو اس کے بھیدی جوتے ہوتے ہیں ۔ یقیناً یہ جان کر آپ کو حیرت ہوئی ہوگی ۔ اس لئے اب یہ بات گرہ میں باندھ لیں کہ جب بھی ان کی خریداری کرنے جائیں تو ظاہری چکا چوند سے متاثر ہوئے بغیر اپنی پسند ، آرام اور ذوق کو مدنظر رکھیں ۔ یعنی جوتا سوچ سمجھ کر منتخب کریں ورنہ یہ نہ ہو کہ غلط انتخاب سے آپ کے مزاج کے سارے راز عیاں ہوجائیں ۔

فلیٹ جوتیاں : ہلکی پھلکی بغیر ہیل والی جوتیاں ، کولہا پوری ، فیشن ایبل پرپز کا شمار فلیٹ جوتیوں میں ہی ہوتا ہے ۔ پہلے کے مقابلے میں آج کل فلیٹ چپلوں کے استعمال کا رحجان بڑھ گیا ہے ۔ کیونکہ ان سے ایڑیاں پرسکون رہتی ہیں اور کسی قسم کے درد یا تھکن کی شکایت بھی نہیں ہوتی ۔ چوڑی دار ، جینز اور شلوار کے ساتھ یہ اچھی لگتی ہیں ۔ یہ چپلیں مناسب قد کاٹھ کی حامل خواتین کی ترجیحات میں شامل ہیں ۔ فلیٹ جوتیاں پہننے والی خواتین انسان دوست ، صلح پسند اور پریکٹیکل ہوتی ہیں جبکہ فطری طور پر یہ خاموش طبیعت ہوتی ہیں اور ہر صورتحال میں ایڈجسٹ ہونے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔

درمیانی ہیل والی جوتیاں: اوسط قد کاٹھ کی خواتین جو فلیٹ چپلیں پہننا پسند نہیں کرتیں ان کا انتخاب درمیانی ہیل والی جوتیاں ٹھہرتی ہیں ۔ ان کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ انہیں پہننے سے ایڑیوں میں تکلیف کی شکایت نہیں ہوتی اور چلنے پھرنے میں بھی آرام رہتا ہے ۔ یہ فارم ڈریسنگ اور ٹراؤزر کے ساتھ زیادہ پسند کی جاتی ہیں ۔ اکثر و بیشتر جن خواتین کا ذوق انتخاب یہ جوتیاں ہوتی ہیں وہ قدامت پسند ہوتی ہیں اور نت نئے تبدلیوں کو فوری قبول نہیں کرتیں ۔ ان کی شخصیت متاثر کن نہیں ہوتی ۔ سنجیدہ مزاج رکھنے والی یہ خواتین اپنے کام میں مگن رہتی ہیں اور انہیں ارد گرد کی زیادہ فکر بھی نہیں ہوتی ۔

ہائی ہیل جوتیاں : ہائی ہیل جوتیاں ہر دور میں خواتین کی اولین پسند رہی ہیں ۔ تقریبات ہوں یا آفس میٹنگ ، تکلیف کے باوجود خواتین انہیں ہی پہننا زیادہ پسند کرتی ہیں ۔ ان کی خاص بات یہ ہے کہ ان سے چال پروقار لگتی ہے ۔ جب بھی ریمپ پر ماڈلز کو ہائی ہیل پہنائی جاتی ہے تاکہ دیکھنے والے کو ان کی شخصیت اور چال متاثر کن لگے جبکہ ان کے بارے میں یہ خیال بھی عام ہے کہ یہ شخصیت میں خود اعتمادی پیدا کردیتی ہیں ۔ تنگ پائجاموں ، ٹراوزر ، جینز کے ساتھ یہ خوب سجتی ہیں جو خواتین صرف اونچی ایڑیوں کی جوتیاں ہی پہننا پسند کرتی ہیں وہ فیشن کی دلدادہ اور حوصلہ مند ہوتی ہیں ۔ وہ مشکلات سے گھبراتی نہیں بلکہ انہیں چیلنج سمجھ کر قبول کرتی ہیں ۔ جلد ہار نہیں مانتیں ۔ فطری طور پر ایسی خواتین مغرور اور تنہائی پسند ہوتی ہیں ۔

پرنٹیڈ جوتیاں : پرنٹیڈ ملبوسات میں خواتین کا ذوق و شوق دیکھتے ہوئے اب جوتیاں بھی پرنٹیڈ ڈیزائن کی جارہی ہیں جو مقبولیت حاصل کر رہی ہیں ۔ نوجوان لڑکیاں جوتوں کی خریداری میں انہیں اپنی ترجیحات کا حصہ ضرور بناتی ہیں ۔ اگر انہیں پرنٹیڈ فراک اور ٹراؤزر کے ساتھ پہنا جائے تو شخصیت کو چار چاند لگ جاتے ہیں ۔ عموماً ان کی ہیل زیادہ ہوتی ہے اوراونچی ہیل کے جوتے پہن کر چلنا بھی ایک فن ہے اور آج کل کی لڑکیاں اس فن سے بخوبی واقف ہیں ۔ ایسی جوتیوں کا استعمال کرنے والی خواتین فطری طور پر خوش مزاج اور فیشن کرنے کی شوقین ہوتی ہیں ۔

رنگ برنگی جوتیاں : ملبوسات کے ساتھ ساتھ جوتوں کے ٹرینڈز بھی تبدیل ہوتے رہتے ہیں ۔ اس کی مثال رنگ برنگی جوتیاں ہیں جو پیلے ، لال ، گلابی ، کالے غرض آپ کی پسند اور کپڑوں کی میچنگ سے مطابقت رکھتی ہیں ۔ مغربی خواتین اس طرح کی جوتیوں کی زیادہ شوقین ہوتی ہیں۔ یہ جوتیاں پینٹ ، فراک ، ٹراوزر پر پہنی جاتی ہیں ۔ ان سے پیروں کی شان تو بڑھتی ہی ہے کپڑوں کا لک بھی کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔ جو خواتین اس قسم کی جوتیاں پسند کرتی ہیں وہ باہمت ہونے کے ساتھ تیزی سے کام نمٹانے کی عادی ہوتی ہیں ۔ زندگی میں نت نئے تجربات کا شوق رکھتی ہیں اور تبدلیوں کا خیرمقدم کرتی ہیں ۔ ایسی خواتین کو فنون لطیفہ سے بھی کافی لگاؤ ہوتا ہے ۔

کاجل لگانے کیلئے
ضروری ہدایات
آنکھ کسی کے دل میں جگہ بنانے کا راستہ ہے جس قدر آنکھیں خوبصورت ہوں گی اتنی ہی پرکشش بھی ہوں گی کاجل بے شک ہماری آنکھوں کو رعنائی بخشتا ہے اور جاذب نظر بناتا ہے ۔ آئی میک اپ میں کالج کا استعمال خاصی اہمیت کا حامل ہے ۔ کاجل کی کالی باریک دھار نہ صرف آپ کی خوبصورت آنکھوں کو نمایاں کرتی ہے بلکہ آپ کے چہرے کو چمک اور رونق بھی بخشتی ہے ۔ چہرے کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے اور اپنی طبعی خصوصیات کی بناء پر کاجل صدیوں سے خواتین میں بے حد مقبول ہے کاجل آنکھوں کی مختلف بیماریوں کے علاج کیلئے بے حد کارآمد سمجھا جاتا ہے ۔ اس ضمن میں ہم آپ کو کاجل لگانے کے بہترین طریقے بتارہے ہیں کہ جن سے نہ صرف آپ کی آنکھیں نرم تاثر پیش کریں گی بلکہ چہرہ بے حد خوشنما لگے گا۔

٭٭ کاجل لگانے سے پہلے آپ آنکھوں کو ٹھنڈے یا تازہ پانی سے ایسے دھولیں کہ آپ کی پلکیں پوری طرح صاف ہوجائیں اور آپ کو کاجل لگانے میں کوئی دشواری نہ ہو ۔

٭٭ پھر اگر آپ اپنی آنکھوں کے گرد کی جلد خشک محسوس کریں تو کسی ہلکے سے موئسچرائزنگ لوشن سے آنکھوں کے گرد آہستگی سے مساج کریں اور اگر آپ کی آنکھوں کے گرد کی جلد آئلی ہے تو آپ فیس پاوڈر کا استعمال بھی کرسکتی ہیں یا ٹشو کے ذریعہ اضافی آئل صاف بھی کرسکتی ہیں ۔