جوبیڈن بیوقوفوں کے سردار : شمالی کوریا میڈیا

سیئول۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا کا سرکاری میڈیا اس وقت سابق امریکی نائب صدر جوبیڈن پر تنقیدوں کی بارش کررہا ہے اور انہیں ’’بے وقوفوں کا سردار‘‘ کہہ رہا ہے جس کی معلومات کی سطح بے حد کم ہے۔ یاد رہے کہ جوبیڈن نے کچھ روز قبل شمالی کوریا کے قائد کم جونگ کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد شمالی کوریا کے قائدین، عوام اور میڈیا نے جو بیڈن کو سبق سکھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یاد رہے کہ جوبیڈن وہی شخصیت ہیں جنہوں نے سابق صدر بارک اوباما کے نائب صدر کی حیثیت سے دو میعادوں کی تکمیل کی اور اب صورتحال یہ ہے کہ موصوف نے 2020ء کے صدارتی انتخابات کیلئے خود کو ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار کے طور پر پیش کیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے اپنی انتخابی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے اور ایسی ہی ایک مہم کے دوران انہوں نے روس اور شمالی کوریا کے بارے میں نازیبا تبصرے کئے تھے۔ فلاڈلفیا میں ایک ریالی کے دوران بیڈن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی صدر روس ولادیمیر پوٹن اور شمالی کوریا قائد کم جونگ کی جانب پیشرفت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ٹرمپ کو پوٹن اور کم جونگ جیسے ظالموں کو گلے لگانے کی کیا ضرورت ہے۔ جو بیڈن نے جو کچھ کہا وہ محض ایک ایسے شخص کی شخصی رائے ہے جسے اقتدار کی خواہش اور ہوس ہے۔ یہ کسی سمجھ دار سیاست داں کا بیان نہیں ہوسکتا۔