جوالا ۔ اشونی جوڑی نے کناڈا اوپن جیت لیا

کلگری ( کناڈا ) ، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی شٹلرز جوالا گٹا اور اشونی پونپا نے کناڈا اوپن ویمنس ڈبلز ٹائٹل جیت لیا جس کیلئے دونوں نے یہاں خطابی مقابلے میں ٹاپ سیڈیڈ ولندیزی جوڑی ایفی مسکنس اور سلینا پیک کے قدم اکھاڑ دیئے۔ تیسری سیڈنگ کی حامل ہندوستانی جوڑی 21-19، 21-16 سے اس میچ میں کامیاب ہوئی جو 35 منٹ چلا۔ سخت مقابلے والے اوپننگ گیم میں جوالا اور اشونی نے 19-19 سے آگے بڑھ کر واحد گیم پوائنٹ موقع کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سبقت حاصل کرلی۔ ہندوستانیوں نے سکنڈ گیم میں غلبہ قائم رکھا اور تیزی سے 5-0 تک پہنچ گئیں جس کے بعد 10-6 سے 15-6 تک پہنچیں۔ تاہم مسکنس اور پیک نے اچھی واپسی کرتے ہوئے لگاتار نو پوائنٹس جیتے اور مقابلے کو 15-15 تک ٹائی پر لے آئیں۔ مگر جوالا اور اشونی نے ابتدائی برتری کا فائدہ ضائع ہونے نہیں دیا اور اگلے 7 کے منجملہ 6 پوائنٹس جیت کر خطاب حاصل کرلیا۔ یہ جوالا اور اشونی کا 2012ء لندن اولمپکس کے بعد اپنی دوبارہ جوڑی بنانے کے بعد سے پہلا ٹائٹل ہے۔