جن لوک پال پر ’’کسی بھی حد تک جانے‘‘ چیف منسٹر کجریوال کی دھمکی

نئی دہلی ، 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج انسداد رشوت ستانی کیلئے اپنی پیش کردہ قانون سازی جن لوک پال بل کے معاملے میں ’’کسی بھی حد تک جانے‘‘ کی دھمکی دی، جبکہ اس بل کی کانگریس اور بی جے پی دونوں مخالف ہیں، جن میں سے اول الذکر کی متواتر تائید اُن کی حکومت کی بقاء کیلئے ناگزیر ہے۔ کجریوال نے نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے ایڈیٹرز کے ساتھ یہاں ایجنسی کے ہیڈآفس میں گفتگو کے دوران کہا، ’’کرپشن انتہائی اہم مسئلہ ہے اور میں کسی بھی حد تک جاؤں گا‘‘۔ یہ پوچھنے پر آیا وہ مستعفی ہوسکتے ہیں، عام آدمی پارٹی لیڈر نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کرپشن کے ’’بڑے‘‘ مسئلے پر کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ ’’وہ (استعفیٰ) آپ سمجھ لیں‘‘۔ یہ ادعا کرتے ہوئے کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ہی اس بل کی منظوری کی کبھی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ دونوں ہی پارٹیوں کے خلاف رشوت ستانی کے الزامات ہیں۔