جن لوک پال بل پر فیصلہ کیلئے نجیب جنگ سے اپیل

آپ نے کسی جماعت کے مفاد کا نہیں دستور کے تحفظ کا حلف لیا ہے، لیفٹننٹ گورنر دہلی کو کجریوال کا مکتوب
نئی دہلی ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے کانگریس کے ساتھ جاری تصادم میں مزید شدت پیدا کرتے ہوئے آج لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے درخواست کی کہ وہ کانگریس اور وزارت داخلہ کے مفاد کا تحفظ نہ کریں جو ان کی حکومت کے لوک پال بل کو روکنا چاہتے ہیں۔ نجیب جنگ کے نام سخت الفاظ پر مشتمل مکتوب میں کجریوال نے کہا کہ ’’اب یہ فیصلہ کرنا آپ پر منحصر ہے۔ آپ اس دباؤ کا مقابلہ کرسکتے ہیں یا نہیں۔ آپ ایک واجبی اور بہتر شخص ہیں لیکن میں پورے عجز و انکسار کے ساتھ آپ سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نے دستور کے تحفظ کا حلف لیا ہے۔ کسی جماعت یا وزارت داخلہ کے مفاد کے تحفظ کا حلف نہیں لیا ہے‘‘۔ دہلی حکومت کے جن لوک پال پر لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے سالیسٹر جنرل موہن پرسارن کی رائے لئے جانے کے بعد کجریوال نے نجیب جنگ کے نام آج انتہائی سخت الفاظ میں یہ مکتوب تحریر کیا ہے اگرچہ نجیب جنگ کے ساتھ کجریوال کے خوشگوار تعلقات ہیں۔

قانونی افسر نے انہیں مطلع کیا ہیکہ مرکز کی جانب سے قبل از وقت اجازت نہ لینا غیرقانونی ہوگا۔ انہوں نے یہ مکتوب آج ہی روانہ کیا جبکہ کجریوال کے ایک ساتھی آشوتوش نے لیفننٹ گورنر کو ’کانگریس کا ایجنٹ قرار دیا‘۔ کجریوال نے سوال اٹھایا کہ لیفٹننٹ گورنر آیا کس طرح اس بل پر پرسارن سے رائے حاصل کرسکتے ہیں جبکہ یہ بل انہیں کل شام ہی روانہ کی گئی جس کے کچھ دیر بعد ہی ان خبروں کا افشاء ہوا کہ قانونی افسر پرسارن نے اس پر اعتراض کیا ہے۔ کجریوال نے کہا کہ ’’مجھے کل شام ٹیلی ویژن پر سالیسٹر جنرل کے نظریہ کی سماعت پر حیرت ہوئی۔ کس بل پر آپ نے سالیسٹر جنرل سے رائے حاصل کی تھی کیونکہ ہم کل شام ہی آپ کو بل کا مسودہ روانہ کئے تھے‘‘۔