جنید خان کی تباہ کن بولنگ ، سری لنکا 204 رنز پر ڈھیر

ابوظہبی ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان نے پانچ وکٹیں حاصل کرتے ہوئے یہاں شروع ہوئے پہلے ٹسٹ میں حریف ٹیم سری لنکا کو پہلی اننگز میں 204 رنز پر ڈھیر کرنے میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ کپتان انجیلو میتھیوز نے 91 رنز کی اہم اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا ۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کیلئے مدعو کیا جس نے اننگز کا بہتر آغاز کیا ۔ سری لنکائی اوپنرس دیمود کرونا رتنے اور کوشل سلوا نے پہلی وکٹ کیلئے 57 رنز جوڑے ۔ اس موقع پر کرونا رتنے کو آؤٹ کرتے ہوئے جنید خان نے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی ۔ کرونا رتنے نے 62 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر سلوا نے 81 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 20 رنز اسکور کئے ۔

میتھیوز نے 127 گیندوں میں 15 چوکوں کی مددسے 91 رنز کی اننگز کھیلی ۔ لوور آرڈر میں شمنڈا ایرنگا نے 44 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 14 رنز اسکور کئے ۔ سری لنکائی ٹیم کیلئے ایرنگا اور میتھیوز کے درمیان 9 ویں وکٹ کیلئے 61 رنز کی پارٹنرشپ رہی ۔ پاکستان کے لئے جنید خان نے 58 رنز کے عوض 5 ، بلاول بھٹی نے 65 رنز کے عوض 3 اور سعید اجمل نے 32 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر خرم منظور (21) کی وکٹ کے نقصان کے بعد 46 ربنز اسکور کرلئے ہیں۔منظور رن آؤٹ ہوئے جبکہ احمد شہزاد نے 52 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 25 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ بھٹی اور احمد شہزاد نے اس مقابلے سے اپنے ٹسٹ کیریئر کا آغاز کیا ۔

ریان ہیرس سڈنی ٹسٹ میں بھی شرکت کے خواہاں
سڈنی ۔ 31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سینئر فاسٹ بولر ریان ہیرس نے کہا ہے کہ انھوں نے ٹیم کے کوچ ڈیرن لیہمن کو مطلع کیا ہے کہ وہ انگلینڈ کے خلاف ایشیز سیریز کے سڈنی میں منعقد شدنی پانچویں مقابلے میں شرکت کے خواہاں ہیں کیونکہ وہ آرام کرنے کے بجائے سیریز کو بہتر طریقہ سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ ہیرس جوکہ ایک طویل زخموں کی تاریخ رکھتے ہیں انھیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے پانچویں مقابلے میں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے لیکن وہ انگلینڈ کے خلاف 5-0 کے مکمل صفائے میں اپنا کردار ادا کرنے کے خواہاں ہیں۔ علاوہ ازیں باکسنگ ڈے ٹسٹ کی کامیابی کے بعد ہیرس نے کپتان مائیکل کلارک اور کوچ لیہمن کو سڈنی ٹسٹ میں شرکت کی اپنی خواہش سے واقف کروایا ہے ۔