جنید خان کا ورلڈ کپ ٹیم سے اخراج پر انوکھا احتجاج

لندن ۔21 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے ورلڈ کپ اسکواڈ میں منتخب کیے جانے کے باوجود آخری لمحات پر ٹیم سے باہر کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جنید خان کو انگلینڈ میں رواں ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ 2019 کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف دومیچوں میں غیرمعیاری کارکردگی پر انہیں اسکواڈ سے باہر کر کے وہاب ریاض کو ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اسکواڈ میں 3 تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ فاسٹ بولر نے ورلڈ کپ اسکواڈ سے باہر کیے جانے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک تصویر پوسٹ کی جس میں ان کے منہ پر ٹیپ لگا ہوا ہے۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے جملہ تحریر کیا کہ میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، سچ کڑوا ہوتا ہے۔ بعدازاں جنید خان نے اس ٹوئٹ کو ہٹادیا لیکن تب تک یہ دیگر افراد کی جانب سے شائع کردیا گیا۔ یاد رہے کہ جنید خان زخمی ہونے کے سبب گزشتہ ورلڈ کپ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے جنید خان کی ٹوئٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے فوری کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق جنید خان تیسری مرتبہ ورلڈ کپ اسکواڈ سے خارج ہوئے لہٰذا ان کا احتجاج فطری ہے تاہم جنید خان کی ٹوئٹ کے بعد پی سی بی نے ان پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے بموجب جنید خان کی کیفیت کا اندازہ ہے اور اسی لیے جذباتی ٹوئٹ فی الحال نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سینئر کھلاڑی کی جانب سے ایسا بیان مناسب نہیں، رائے دینا جنید خان کا حق ہے لیکن سنٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی کو ایک حد تک آزادی اظہار رائے حاصل ہے۔