جنگ مسئلہ کشمیر کا حل نہیں:عمران خان

اسلام آباد، 4 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جنگ سے مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکلے گا، صرف بات چیت سے یہ مسئلہ حل ہوگا۔ گزشتہ روز ٹی وی چینلوں کے نامہ نگاروں کے ساتھ انٹرویو میں مسٹر عمران خان نے مزید کہا کہ جب تک بات چیت نہیں ہوگی، تب تک مسئلہ کے حل کی مختلف پہلوؤں پر گفتگو نہیں ہوسکے گی۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے متبادل طریقہ کے متعلق سوال پر مسٹر عمران خان نے کہا کہ اس مسئلے کے دو یا تین حل موجود ہوسکتے ہیں، جن پر گفتگو ہوتی رہی ہے ۔ تاہم، انہوں نے یہ کہتے ہوئے اس سلسلے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا کہ ان آپشن پر بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ ہندوستان سے کسی جنگ کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں پڑوسی نیوکلیائی ممالک میں لڑائی نہیں ہوگی، کیونکہ اس کے غیر متوقع اور ناخوشگوار نتائج برآمد ہوں گے ۔