جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزی پر پاکستان میں ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی

اسلام آباد ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی سپاہیوں کی طرف سے جنگ بندی کی مبینہ بلااشتعال خلاف ورزی اور اس کے نتیجہ میں تین پاکستانی سپاہیوں کی ہلاکت کی مذمت کی۔ دفترخارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان نے گذشتہ روز علاقہ تھمب (بھیمبر سیکٹر) میں فائرنگ کی تھی جس کے نتیجہ میں اس (پاکستان) کے تین سپاہی ہلاک ہوگئے تھے۔ ذکریا نے کہا کہ ’’ڈائرکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو آج طلب کیا اور ہندوستانی قابض فورسیس کی جانب سے جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزی کی مذمت کی‘‘۔