جنوب مغربی مانسون کی پیشرفت گرج چمک اور ہواوں کا امکان

حیدرآباد 30 مئی ( سیاست نیوز ) جنوب مغربی سرگرمی میں پیشرفت اور انڈمان جزائر میں مزید بارش کی وجہ سے امکان ہے کہ جنوب مغربی مانسون مالدیپ اور جنوب مغربی و جنوب مشرقی خلیج بنگال کے کچھ علاقوں اور انڈمان جزائر کے علاوہ خلیج بنگال کے کچھ علاقوں تک مزید پیشرفت کرسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر 30 تا 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیںاور گرج چمک بھی ہوسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں یکا دوکا مقامات پر گرمی کی لہر بھی رہ سکتی ہے ۔ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے یا پھر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں بھی بارش یا گرج چمک شام یا رات کے وقت ہوسکتی ہے اور درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری اور اقل ترین 26 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ اس دوران عادل آباد ‘ میدک ‘ نلگنڈہ ‘ ورنگل ‘ پیدا پلی اور نظام آباد اضلاع میں کچھ مقامات پر آج بھی گرمی کی لہر رہی ۔