جنوبی کشمیر میں دو جنگجوئوں اور تین علیحدگی پسند لیڈران سمیت 11 افراد کے گھروں پر این آئی اے کا چھاپہ

سری نگر،27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے آج اپنی چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ دوسرے دن بھی جاری رکھتے ہوئے جنوبی کشمیر میں 11 مختلف مقامات پر چھاپے مارے ۔ ذرائع نے بتایا کہ این آئی اے ٹیموں نے 14 فروری کے پلوامہ حملے کے سلسلے میں ’جیش محمد‘کے دو سرگرم جنگجوئوں اور ان کے مبینہ اعانت کاروں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔ اس کے علاوہ تین علیحدگی پسند لیڈران کے گھروں پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ این آئی اے نے ایک پریس ریلیز میں کہا کہ چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران ممنوعہ چیزیں بشمول کوڈنگ میں لکھی گئی تحریر ضبط کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق ضلع پلوامہ میں این آئی اے نے جیش محمد کے سرگرم جنگجوئوں مدثر احمد خان اور سجاد احمد بٹ کے گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشیاں لیں۔ سجاد احمد کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ پلوامہ خود کش دھماکے میں اسی کی گاڑی استعمال کی گئی تھی۔ سجاد نے مبینہ طور پر حملے کے چند روز بعد ‘جیش محمد’ کی صفوں میں شمولیت اختیار کی۔ قابل ذکر ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے گذ شتہ روز حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق اور لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت سات علیحدگی پسند رہنمائوں کی رہائش گاہوں پر بھی چھاپے مارے تھے۔

دریں اثنا این آئی اے کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ایجنسی نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر میں گیارہ مقامات پر چھاپے مارے۔ اس میں کہا گیا ‘این آئی اے نے 14 فروری کے پلوامہ حملے اور ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں بدھ کے روز جنوبی کشمیر میں گیارہ مقامات پر چھاپے مارے ۔ جیش محمد کے سرگرم جنگجوئوں اور پلوامہ حملے کے کلیدی ملزمان مدثر احمد خان اور سجاد بٹ کے گھروں پر چھاپہ مار کر تلاشیاں لی گئیں۔ اس کے علاوہ پلوامہ، ترال اور اونتی پورہ میں جیش محمد کے سرگرم اعانت کاروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ اس دوران ممنوعہ چیزیں بشمول کوڈنگ میں لکھی گئی تحریریں ضبط کی گئیں’۔ بیان میں کہا گیا کہ اس کے علاوہ تین علیحدگی پسند لیڈران کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ اس میں کہا گیا ’جنوبی کشمیر میں تین علیحدگی پسند لیڈران بشمول محمد سبحان ڈار، شوکت مولوی اور یاسمین رضا کے گھروں پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ اس دوران ٹیرر فنڈنگ سے متعلق دستاویزات، کوڈنگ تحریریں اور جہادی لٹریچر ضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ این آئی اے ٹیموں نے دیگر چیزیں بشمول املاک اور مالی لین دین سے متعلق تفصیلات، الیکٹرانک آلات، موبائیل فون اور سم کارڈ ضبط کرلئے ہیں۔
علیحدگی پسند لیڈران کے گھروں پر یہ چھاپہ مار کاروائیاں این آئی اے میں درج ٹیرر فنڈنگ کیس کے سلسلے میں انجام دی جارہی ہیں۔ مذکورہ کیس میں اب تک قریب ایک درجن کشمیری علیحدگی پسند رہنما[؟]ں اور معروف تاجروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے جنہیں دلی کی تہاڑ جیل میں مقید رکھا گیا ہے ۔