جنوبی افریقہ کو پہلے ٹی 20 میں شکست

پریٹوریا ۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ثنا میرکی عمدہ بولنگ کے بعد بسمعہ معروف اور ندا ڈار کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کو پہلے ٹوئنٹی 20 میچ میں7 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچزکی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ پریٹوریا میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم بیٹنگ کی دعوت دی ۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ20 اوورز میں7 وکٹوں پر 119 رنز بنائے ۔ ثنا میر نے اپنے پہلے ہی اوور میں دونوں اوپنرزکو آؤٹ کر کے حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکی۔ لیزل لی اور تازمین برٹز بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں۔کلوئے ٹراؤن43 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ ثنا میر نے 3، ندا ڈارنے 2، عالیہ ریاض اور نشرح سندھو نے فی کس ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستان ویمنز ٹیم نے120 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 3 وکٹوں پر پورا کیا۔ عمیمہ سہیل 10 اورجویریہ رؤف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئیں، اس موقع پر بسمعہ معروف اور ندا ڈار نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بولروںکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 89 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، ندا ڈار37 گیندوں پر2 چھکوں اور7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئیں۔ بسمعہ معروف نے 48 گیندوں پر4 چوکوں مدد سے 53 ناقابل شکست رنز بنائے جبکہ ارم جاوید ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، مریزن کیپ، مسابتا کلاس اور سیخیو نے فی کس ایک وکٹ لی۔