جنرل سکریٹری اقوام متحدہ کو کشمیر کی فکر ‘ہندوستان کی ستائش

انسداد دہشت گردی اور مالیہ کے فراہمی کے انسداد میں ہندوستان سے مزید تعاون کی خواہش ‘گٹیرس کا خطاب
اقوام متحدہ ۔ 30ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹیرس نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر فکرمندی ظاہر کی جب کہ اس تنازعہ کی یکسوئی اور علاقہ میں پائیدار امن کی بحالی کیلئے ہند۔ پاک مذاکرات کی حوصلہ افزائی کی ۔ ترقیاتی محاذ پر انہوں نے کہا کہ ہندوستان پہلے ہی پیشرفت کررہا ہے اور اس نے علاقائی ترقی میں پوری طاقت کے ساتھ جدوجہد کی ہے ۔ علاقہ کے تمام ممالک کو متحد کیا ہے اور آئندہ کی تیاری کیلئے انہیں جدوجہد کی تلقین کی ہے ۔ گٹیرس نے پی ٹی آئی کو ای میل کے ذریعہ انٹرویو دیتے ہوئے جب کہ اُن کا دورہ ہند پیر کے دن سے شروع ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس علاقہ میں پائیدار امن کی بحالی اور صیانتی چیلنجس سے نمٹنے میں ہندوستان سے عظیم تر کردار کی تعریف کرتے ہیں ۔ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ یکم تا 3اکٹوبر ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ جس میں ان کی ملاقات صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند ‘ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ سشما سوراج سے ہوگی ۔ وہ مہاتما گاندھی کی 2اکٹوبر 2018کو 150ویں یوم پیدائش تقاریب میں شرکت پر ان کا دورہ اختتام پذیر ہوگا ۔ دریں اثناء انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی اور اس کیلئے مالیہ کی فراہمی کو روکنے میں ہندوستان عظیم تر کردار ادا کررہا ہے ۔ جنرل سکریٹری انٹونیو گٹیرس جن کے سرکاری تین روزہ دورہ ہند کا کل سے آغاز ہوگا ‘ کہا کہ انسداد دہشت گردی کیلئے سرحدات کا استحکام ضروری ہے اور تمام علاقائی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردی کے پھیلاؤ کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے کی اجازت نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادپرستی ‘ پُرتشدد انتہا پسندی اور دہشت گردی مستقل طور پر خطرہ برقرار ہے بلکہ دنیا کے کئی حصوں میں فروغ پذیر ہے ۔ نئے دور کی انتہا پسندی عصری آلات اپنی تشہیر اور ترویج کیلئے استعمال کررہی ہے اور نفرت و تشدد کی نوجوان نسل کو تعلیم دے رہی ہے ۔ علاوہ ازیں اپنی سرگرمیوں کیلئے مالیہ اکٹھا کرنے کی نئی نسل کو ترغیب دے رہی ہے ۔ سکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے تمام ممالک پر زور دیا کہ انہیں تشدد پر اکسانے اور انسداد دہشت گردی احکامات کو روکنے کیلئے متحد اور متفق ہوکرجدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان انسداد دہشت گردی اور پُرتشدد انتہا پسندی میں اقوام متحدہ کا ایک اہم شراکت دار ہے ۔ حکومت ہند نے حال ہی میں اقوام متحدہ کے ساتھ اور انسداد ہشت گردی فنڈ میں جو عطیہ دیا ہے اس سے اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ہندوستان اور امریکہ نے ان شعبوں میں استحکام کی صلاحیت پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ عالمی سطح پر انسداد دہشت گردی حکمت عملی تیار کررہاہے جس کی دفعات مشترکہ کارروائی میں اضافہ کریں گی۔