جنتا کانگریس کے صدر اجیت جوگی مرواہی سیٹ سے الیکشن لڑیں گے

رائے پور۔31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)چھتیس گڑھ میں جنتا کانگریس بی ایس پی اتحاد کے وزیراعلی عہدے کے امیدوار اجیت جوگی اپنی روایتی سیٹ مرواہی سے الیکشن لڑیں گے ۔پارٹی کے انچارج جنرل سکریٹری عبدالحمید حیات کے ذریعہ تین سیٹوں پر پارٹی کے امیدواروں میں اجیت جوگی کو مرواہی سیٹ سے ،شمالی رائے پور سیٹ سے امر گڈوانی کو اور منیندر گڑھ سیٹ سے لکھن شریواستو کو امیدوار بنایا گیا ہے ۔مسٹر جوگی نے پہلے راج آنند گاؤں سیٹ سے وزیراعلی ڈاکٹر رمن سنگھ کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا،بعد میں بی ایس پی کے ساتھ اتحاد ہونے پر یہ کہتے ہوئے وہاں سے الیکشن لڑنے سے منع کردیا کہ اتحاد کی جانب سے انہیں پوری ریاست میں تشہیر کرنی ہے اس لئے کسی ایک سیٹ پر ہی محدود نہ رہنے کے لئے کہا گیا ہے ۔اس کے بعد یہ خبر آئی کہ مرواہی کے ووٹروں نے ان سے صرف پرچہ نامزدگی بھرنے اور انتخابی تشہیر کے لئے نہ آنے کی اپیل کی ہے ۔اس پر مسٹر جوگی نے غوروخوض کرنے کی یقین دہانی کی تھی۔پارٹی کے ذریعہ آج جاری فہرست سے ان کے الیکشن لڑنے کے سلسلے میں لگائے جارہے قیاس ختم ہوگئے ہیں۔مرواہی مسٹرجوگی کی روایتی سیٹ ہے ۔وہ اس سیٹ سے تین بار رکن اسمبلی رہے ہیں،اور بڑی فرق سے الیکشن جیت چکے ہیں۔اس سیٹ کو جوگی خاندان کا گڑھ مانا جاتا ہے ۔مسٹر جوگی کے بیٹے امت جوگی کے مرواہی سیٹ سے متصل منیندرگڑھ سیٹ پر الیکشن لڑنے کے قیاست تھے اور ان کی ٹیم کافی دنوں سے وہاں قیام پزیربھی تھی لیکن وہاں دوسرے امیدوار کا اعلان ہونے سے یہ بھی واضح ہوگیا ہے کہ وہ اس سیٹ سے الیکشن نہیں لڑیں گے۔