جنتادل (یو) قائدین پارٹیوں سے انحراف کرنے والوں کولوک سبھا امیدوار مقرر کرنے پر ناراض

پٹنہ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) کے صدر شرد یادو اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے درمیان بہار میں لوک سبھا نشستوں کے لئے امیدواروں کی فہرست تیار کرنے سے چند گھنٹے قبل بعض پارٹی قائدین نے ملاقات کی اور پارٹی سے انحراف کرنے والے افراد کو دیرینہ پارٹی کارکنوں کو نظرانداز کرکے لوک سبھا کے ٹکٹ دینے پر اظہار ناراضگی کیا۔ بہار کے سینئر وزراء نریندر سنگھ اور بشن پٹیل کے علاوہ موجودہ ارکان پارلیمنٹ وشوا موہن کمار اور اشوامید دیوی نے جے ڈی (یو) کے صدر سے ملاقات کرکے پارٹی منحرفین کو امیدوار منتخب کرنے پر اظہار ناراضگی کیا۔ نریندر سنگھ پہلے ہی جے ڈی (یو) ٹکٹ فلم ساز پرکاش جھا، بیدیا ناتھ مہاتو اور اونیش کمار سنگھ کو امیدوار مقرر کرنے پر چیف منسٹر کی گزشتہ ہفتہ سنکلپ یاترا کے دوران ہی اظہار ناراضگی کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے جھا کو بتیا سے، اونیش کمار کو موتی ہاری اور مہاتو کو بالمیکی نگر سے پارٹی امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیاہے۔ شرد یادو سے ملاقات کے بعد نریندر سنگھ نے پریس کانفرنس میں کہاکہ امیدواروں کا پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں سے مشورے کے بعد فیصلہ کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔