جمہوری ہندوستان کی تاریخ کو تبدیل کرنے ہندو راشٹر بنانے کی سازش

ٹیپو سلطان ہندو مسلم طبقات کے علمبردار، رام پنیانی ممتاز مورخ کا لیکچر

حیدرآباد۔19مئی(سیاست نیوز)ہندوستان کی تاریخ میں ایسا واقعہ پہلی مرتبہ دیکھا ہے اگر کوئی بھگوان کے گھر راحت او رسکون حاصل کرنے کی غرض سے جاتا ہے تو اس کے ساتھ کیمرہ مین کی ٹیم بھی جاتی ہے تاکہ اس کے پوجا پاٹ کے طریقے کار او رمیڈیٹیشن کے عمل کی منظرکشی کی جاسکے او روہ تصویریں سستی شہرت کاسامان بن سکیں۔مگر افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ اس عمل کو کسی نے نہیں ہمارے وزیراعظم نے کیا ہے ایسے مواقع پر بھی کیمرہ مین کو ساتھ لے کرجانا نہیںبھولتے ۔اتوار کے روز ممتاز سماجی جہدکار او رمورخ رام پنیانی نے ان خیالات کا اظہار کیا۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسٹ) کے لیڈر بی سندریا 34واں یاد گار لکچرکے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رام پنیانی نے کہاکہ پچھلے پانچ سالوں میں ہندوستان کی تاریخ کوتوڑ مروڑ کر پیش کرنے کے ایسے واقعات رونما ہوئے جس کی ماضی میںکوئی نظیر نہیںملتی ۔ رام پنیانی نے کہاکہ ٹیپوسلطان کو ہندوستا ن کی تاریخ کا سب سے مغرور اور جابر حکمران بناکر پیش کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب کبھی ٹیپو سلطان کا حوالہ دیاجاتا ہے تو بھگوادھاری تنظیموں اور سیاسی جماعت ( بی جے پی) ٹیپوسلطان( شہید ) کو ہندوئوں کاقتل عام کرنے والے حکمران کے طور پر پیش کرتی ہے مگر حقیقت اس کے عین برعکس ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دائیںبازو کی تنظیمیں اکثر اس بات پر زوردیتی ہیں کہ ٹیپوسلطان نے اپنے دور حکومت میںہزاروں برہنموں کو جبراً مسلمان بنایا اور انکار کرنے پر ان کا قتل کردیا مگر یہ حقیقت کے بعید ہے ۔ رام پنیانی نے کہاکہ یہ اس لئے بھی ممکن نہیں ہے کیونکہ ٹیپوسلطان ( شہید) کے دور اقتدار میںوزیراعظم کے عہدے پر کوئی اور نہیںبلکہ پورنیا نامی ایک برہمن فائض تھا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ ایک برہمن وزیراعظم اپنے ہی قوم کے لوگوں کو جبراً مسلمان بنائے اور اگر تسلیم نہ کرنے پر انہیں قتل کردے ۔ اس طرح کی کوششوں کے ذریعہ جمہوری ہندوستان کی تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے ایک ہند وراشٹرا بنانے کی سازشیں ہورہی ہیں ۔ انہوں نے تقسیم ہند کے حوالے سے کہاکہ آزاد ی کے بعد پاکستان وجود میں آیا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا قیام مذہب کی بنیاد پرہوا جہاں پر سترسال کا عرصہ گذر جانے کے بعد بھی استحکام ندارد ہے اس کے برخلاف ہندوستان جس کا قیام جمہوریت کی بنیاد پر عمل میںآیا دنیاکے ترقی یافتہ ممالک میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہندوستان سے جمہوریت کو ختم کرتے ہوئے ہندو راشٹرا بنانے کی کوششیں کی جاتی ہیںتو ہمارا بھی حال پاکستان کی طرح ہوجائے گا۔ سی پی ائی ایم کے قومی پولیٹ بیورورکن بی وی راگھو لو ‘ سی پی ائی ایم تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹری تمنینی ویرابھدرم کے علاوہ سی پی ائی کے قومی عاملہ کے رکن وقومی صدر انصاف سید عزیز پاشاہ کے بشمول کمیونسٹ قائدین او رکارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجودتھی۔جناب محمدعباس اور ایم اے ستار نے منتظمین کے فرائض انجام دئے ۔