جمہوریت کے استحکام کو یقینی بنانے ڈاکٹر قائم خاں کی اپیل

خدمت خلق کے جذبہ کے حامل امیدوار کو کامیاب بنانا وقت کا تقاضہ

حیدرآباد۔/29اپریل، ( سیاست نیوز) صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں نے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ آج اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرتے ہوئے جمہوریت کے استحکام کو یقینی بنائیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار خدمت خلق کے جذبہ کے تحت عوام کے درمیان ہیں اور اس انتخابی میدان میں کامیابی کے ذریعہ وہ مظلوم مسلمانوں کی آواز ثابت ہوں گے۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ سے وہ خود امیدوار ہیں جبکہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے جناب مجید اللہ خاں فرحت مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کی حیثیت سے میدان میں ہیں۔ جناب ماجد خاں حلقہ اسمبلی چارمینار اور جناب راشد ہاشمی حلقہ اسمبلی بہادر پورہ سے مجلس بچاؤ تحریک کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ مجلس بچاؤ تحریک نے حلقہ اسمبلی کاروان اور حلقہ اسمبلی ملک پیٹ سے صرف اس لئے امیدوار میدان میں نہیں اُتارے تاکہ ملت کا شیرازہ نہ بکھرے اور ووٹوں کی تقسیم کا اغیار کو فائدہ نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج مجلس بچاؤ تحریک پر مختلف بے بنیاد الزامات کے ذریعہ امیدواروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن یہ کوششیں قطعی طور پر کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ عوام میں تبدیلی کا رجحان پیدا ہوچکا ہے۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ 30اپریل کو منعقد ہونے والی رائے دہی کے دوران رائے دہندوں کو چاہیئے کہ وہ اپنے اطراف واکناف کا جائزہ لیں اور اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ان کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کیلئے کون عوام کے درمیان رہتا ہے اور گزشتہ کئی برسوں سے عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کس نے کوتاہی برتی ہے۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ تحریک کے امیدواروں نے بے سروسامانی کے عالم میں اپنی جتنی کوششیں کرنی تھی وہ سب کرلی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی کچھ کوتاہی رہ گئی ہے تو اسے فراموش کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے عوام ایک دن اپنے گھروں سے نکل کر تحریک کے امیدواروں کے امتیازی نشان ’ ٹی وی‘ کا بٹن دباتے ہوئے تحریک کے استحکام اور ملت مظلوم کی آواز کو بلند کرنے کے حق میں ووٹ کا استعمال کریں۔ آئندہ پانچ برسوں تک تحریک کے تمام منتخبہ نمائندے عوام کے خادم کی حیثیت سے ان کے درمیان موجود رہیں گے۔ انہوں نے غازی ملت محمد امان اللہ خان صاحب مرحوم کی خدمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی چندرائن گٹہ کے عوام آج بھی غازی ملت کی خدمات کا سراہنا کرتے ہیں اور اس دور کی ترقی کی رفتار کے احیاء کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت صدر مجلس بچاؤ تحریک وہ عوام کو اس بات کا تیقن دیتے ہیں کہ تحریک کا کوئی نمائندہ یا قائد عوام کیلئے پریشانی کا باعث نہیں بنے گا بلکہ ان کے مسائل کو حل کرنے والے ایک بہترین عوامی نمائندہ کی مثال پیش کریگا۔انہوں نے خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ ملت اسلامیہ کے استحکام و ترقی کیلئے اپنے ووٹ کا مجلس بچاؤ تحریک کے حق میں استعمال کریں۔