جمہوریت کو کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے: سراج الحق

کراچی۔ 17؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ساری ملکی قیادت آپسی اختلافات بھلاکر آئین بچانے میں لگی ہے، کسی صورت جمہوریت ناکام نہیں ہونے دینگے۔ خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کا ایسا حل نکالنا ہے جو حکومت اور عمران خان دونوں کو قبول ہو۔ کراچی میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جو کچھ ہورہا ہے، اس پر ساری قوم پریشان ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسی قیمت پر آئین اور جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء کسی صورت میں بھی پاکستان کے لئے مناسب نہیں رہا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں نااُمید نہیں ہونا چاہئے۔ جب گجرانوالہ میں مسئلہ ہوا تو ہم نے ملک کر حکومت سے اس مسئلہ کو حل کیا۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں ملک کر ایسا مسئلہ نکالنا چاہئے جس میں قادری صاحب اور عمران خان کے مطالبات کو حل کیا جائے۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کل اسلام آباد میں تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا جائے گا اور ملک میں جاری بحران پر قابو پانے کے لئے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔