جموں کے دفاتر میں اچانک معائنے ڈیوٹی سے غیرحاضر 2 ڈاکٹرس معطل

جموں ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں خدمات انجام دینے والی دو ڈاکٹروں کو اجازت کے بغیر ڈیوٹی سے غیرحاضری پر معطل کردیا گیا ہے۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ عہدیدار کی ایک ٹیم نے راج گڑھ تحصیل کے مختلف سرکاری دفاتر اور صحت و طبابت کے اداروں کا اچانک اور حیرت انگیز معائنہ کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر رویندر سندھو نے راج گڑھ میں متعینہ دو آئی ایس آئی ڈاکٹروں کی معطلی کا حکم دیا جب پتہ چلا کہ وہ مجاز اتھاریٹی سے حصول اجازت کے بغیر ہی ڈیوٹی سے غیرحاضر تھے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ آفیسر کو اندرون ایک ہفتہ رپورٹ کی پیشکشی کی ہدایت دی گئی ہے۔ سندھ نے 27 جون کو 17 سرکاری ملازمین کو معطل کردیا گیا جن میں تین ڈاکٹرس بھی شامل تھے۔ یہ تمام اس ضلع میںاچانک معائنوں کے وقت ڈیوٹی سے غیرحاضر پائے گئے تھے۔ حکومت کے استعفیٰ کے بعد انتظامیہ نے سرکاری محکمہ جات میں کارکردگی کو موثر بنانے کیلئے سخت اقدامات کا آغاز کیا ہے۔