جموں کشمیر ہائی کورٹ کا تین سالہ بچی کی آبرو ریزی کا از خود نوٹس، پولیس کو جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

سری نگر،15 مئی (یو این آئی) جموں کشمیر ہائی کورٹ نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ملک پورہ ترہگام سمبل میں 8 مئی کوایک کمسن بچی کی آبرو ریزی کے واقعے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کشمیر زون پولیس کے آئی جی سوئم پرکاش پانی سے جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ بتادیں کہ کمسن بچی کے دل دہلانے والے آبرو ریزی کے اس واقعے کے خلاف وادی بھر میں احتجاجوں کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ قصوروار کو فوری طور تختہ دار پر لٹکانے کا پُرزور مطالبہ کررہے ہیں۔ ہائی کورٹ کی چیف جسٹس جسٹس گیتا متل اور جسٹس تاشی رابستان پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے چہارشنبہ کے روز سینئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بشیر احمد ڈار کے ذریعے ریاستی پولیس کو یہ ہدایات جاری کیں۔ کورٹ نے بتایا کہ ایسے بھیانک واقعات کے ساتھ سختی سے نمٹنا ہے اور بچوں کو ایسے وحشت ناک واقعات سے محفوظ رکھنا ہے ۔ سرکاری وکیل بشیر احمد ڈار نے کہا کہ وہ شام تک کیس کے متعلق تمام پیش رفتوں کو چیک کرکے کورٹ کو اس حوالے سے مطلع کریں گے ۔ ریاستی پولیس نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جو واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہے ۔