جموں و کشمیر کے نوجوان کسی سے پیچھے نہیں : عمر عبداللہ

جموں ۔ /31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج کہا کہ ریاستی حکومت اپنے نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمتیں فراہم کرنے کی عہد کی پابند ہے ۔ اس ریاست کے نوجوان ہنر و صلاحیت میں کسی سے پیچھے نہیں ہے اور انہیں اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے مظاہرے کیلئے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ جموں و کشمیر عسکریت پسندی کے ایک انتہائی دشوار گزار اور تاریک مرحلہ سے گزرچکا ہے

جس کے ہمارے نوجوانوں کے کیرئیر اور ان کی ترقی کے موقعوں پر سنگین اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔‘‘ اس تقریب میں انہوں نے کنارا بینک کی جانب سے اڑان اسکیم کے تحت منتخب 300 نوجوانوں کو تربیت و تقررات کے کاغذات حوالے کئے ۔ مسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کیلئے موقعوں کے فقدان کے سبب نے ایک مشکل صورتحال میں پہونچادیا ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ’’ وہ (جموں و کشمیر کے نوجوان) کسی رحم و کرم کے بجائے بہتر موقعوں کے طلبگار ہیں کیونکہ وہ جوش و جذبہ ‘ عزم اور قابلیت سے سرشار ہیں۔‘‘

وی کے دُگل منی پور کے نئے گورنر
امپھال۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق مرکزی معتمد داخلہ وی کے دُگل نے منی پور کے گورنر کی حیثیت سے حلف لیا۔ منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس لکشمی کانت مہا پترا نے دُگل کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایا ۔ حلف برداری کیلئے راج بھون میں ایک سادہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ابوبی سنگھ، ان کے کابینی رفقاء، سینئر سیول اور پولیس افسران بھی تقریب میں شریک تھے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں گورنر کے عہدہ پر مسٹر اشونی کمار فائز تھے جو دراصل ناگالینڈ کے گورنر تھے لیکن انہیں منی پور کے گورنر کی زائد ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ وی کے دُگل منی پور کے 14ویں گورنر ہوں گے۔