جموں و کشمیر کیلئے ثالث کا تقرر مسترد : پاکستان

اسلام آباد ۔ 24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج ہندوستان کے ثالث کے تقرر کے اقدام کو غیرحقیقی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں بات چیت کیلئے ثالث کا تقرر کوئی وزن نہیں رکھتا جب تک کہ بات چیت میں حریت کانفرنس کو بھی شریک نہ کیا جائے۔ شرما کے بحیثیت ثالث تقرر کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پاکستانی دفترخارجہ کی ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ یہ اقدام ایسا معلوم ہوتا ہیکہ مخلصانہ اور حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہند ایک بار پھر مزید تعاون کو اجاگر کرتی اور اس کا اعلان کرتی تو بہتر ہوتا۔ اسے چاہئے کہ اس بات کا احساس کرلے کہ مسئلہ کا حل فوجی کارروائی نہیں بلکہ بات چیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نامزد ثالث کو مفاہمت کی ذمہ داری نہیں سونپی جاسکتی جب تک کہ انہیں کشمیری عوام کی امنگوں کا ادراک نہ ہوجائے۔