جموں وکشمیر کی 6پارلیمانی نشستوں میں بیشتر نشستیں یو پی اے جیتے گی : غلام احمد میر

سری نگر۔21مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کی چھ پارلیمانی سیٹوں میں سے بیشتر سیٹیں کانگریس کی سربراہی والی یو پی اے کی جھولی میں جائیں گی۔منگل کے روز یہاں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا ‘میں جموں کشمیر کی چھ پارلیمانی سیٹوں میں سے بیشتر سیٹیں یو پی اے کی جھولی میں جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں’۔حالیہ ایگزٹ پول کو ناقابل بھروسہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا ‘جس طرح سے پچھلے دو دنوں سے ایگزٹ پول دکھائے جارہے ہیں ، ایک میڈیا چینل این ڈی اے کو 424 سیٹیں دکھا رہا ہے تو ان ہی میں سے دوسرا میڈیا چینل این ڈی اے کو 5 سو سیٹیں دکھا رہا ہے ، جب ان کو آپس میں ہی اتنی بڑی فرق ہے تو ہم ان پر کیسے بھروسہ کریں گے ‘۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اصلی نتائج ان سرویز سے ہٹ کر ہوں گے ۔جی اے میر نے کہا کہ این ڈی اے کی سرکار نہیں ہوگی بلکہ ملک میں سیکولر سوچ والی جماعتوں کی سرکار بنے گی، سب کو ساتھ چلنے والی پارٹیوں کی سرکار بنے گی۔