جموں دھماکے:سپریم کورٹ میں پاکستانی کو عمر قید

نئی دہلی ۔ 30 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج 1995 ء کے سلسلہ وار دھماکہ کیس میں ایک پاکستانی شہری اور حزب المجاہدین کے عسکریت پسند غلام نبی کو سزائے عمر قید سنائی ہے ۔ جموں میں یوم جمہوریہ تقریب کے موقع پر پیش آئے ان دھماکوں میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ جسٹس اے کے سکری اور جسٹس یو یو ملت پر مشتمل بنچ نے پاکستان میں ضلع سیالکوٹ کے متوطن 76 سالہ غلام نبی کے خلاف یہ سزا دی۔ واضح رہے کہ جموں کے مولانا آزاد میموریل اسٹیڈیم میں اس وقت گورنر لیفٹ جنرل کے وی کرشنا کو ہلاک کرنے کیلئے 3 بم دھماکے کئے گئے تھے جبکہ وہ یوم جمہوریہ تقریب میں 40 ہزار افراد بشمول اہم شخصیتوں ، سینئر عہدیداروں ، سیاسی لیڈروں سے مخاطب کرنے والے تھے ۔ تاہم مسٹر کرشنا راؤ بال بال بچ گئے تھے ۔