جماعت الدعوہ کی اسرائیلی بربریت کیخلاف پاکستان میں تحریک

لاہور، 2 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) امیرجماعت الدعوہ پاکستان حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک مل کر اسرائیل کو قطعی مہلت دیں کہ اگر اس نے فلسطین پر جارحیت بند نہ کی تو اس کے خلاف فوجی کاروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ جماعت الدعوہ نے اسرائیلی بربریت کے خلاف سارے پاکستان میں تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ اتوار 3 اگست کو یہاں ناصر باغ سے مسجد شہداء مال روڈ تک تاریخی یکجہتی فلسطین کارواں ہو گا۔ کارواں اور اس کے اختتام پر منعقدہ جلسہ عام میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت شریک ہو گی۔ جمعہ 8 اگست کو اسرائیلی بربریت کے خلاف یوم احتجاج منایا جائے گا۔ لاہور سمیت ملک بھر میں ضلعی و تحصیلی سطح پر احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ حافظ سعید نے یہاں ہنگامی پریس کانفرنس میں کہا کہ نوازشریف اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کریں اور غزہ کی ناکہ بندی ختم کروانے کیلئے اپنا رول ادا کریں۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں باہمی اختلافات ختم کر کے مظلوم فلسطینی بھائیوں کی مدد کا فریضہ سرانجام دیں۔