جماعت اسلامی شہر حیدرآباد کے وفد کا دورہ سیاست

جناب زاہد علی خاں سے ملاقات ، سیاست کے مختلف خدمات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( دکن نیوز ) : حافظ رشاد الدین ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد اور عبید اللہ شریف ذکی سکریٹری رابطہ عامہ جماعت اسلامی شہر حیدرآباد نے آج شام جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہمراہ دفتر ایم ڈی ایف پہنچ کر ایم ڈی ایف کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور دفتر میں موجود مسلم لڑکوں اور لڑکیوں کے پیامات کی تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف اور ایم اے قدیر نائب صدر ایم ڈی ایف نے انہیں دوبدو ملاقات پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ دفتر پر تعلیمی قابلیت کے اعتبار سے لڑکوں اور لڑکیوں کی زمرہ بندی کی گئی ہے اور ہر روز دفتر پر 70 تا 80 والدین و سرپرست روزانہ پیامات کا مشاہدہ کرتے ہیں ۔ جناب زاہد علی خاں نے جماعت اسلامی کے عہدیداروں کو بتایا کہ دوبدو ملاقات پروگرام کے ثمر آور نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی والدین و سرپرست اس سے استفادہ حاصل کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قبل جماعت اسلامی ہند کے تحت چلنے والے آئی آئی سی ڈی کے تعاون و اشتراک سے سیاست و ایم ڈی ایف نے گونگے و بہرے لڑکوں و لڑکیوں کی شادیوں کے لیے ملاقات پروگرام منعقد کیا تھا اس پر حافظ رشاد الدین نے تجویز پیش کی کہ آئندہ دوبدو پروگرام نابینا لڑکوں و لڑکیوں کے لیے رکھا جائے ۔ اس موقع پر محمد نصر اللہ خاں ، میر انور الدین و دیگر موجود تھے ۔۔