جلیل خان چیرمین اے پی اسٹیٹ وقف بورڈ کے عہدہ سے مستعفی

وائی ایس جگن موہن ریڈی کو مبارکباد کی پیشکشی، عوامی خدمات کو جاری رکھنے کا عزم
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی اسمبلی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بحیثیت چیف منسٹر حلف برداری کے فوری بعد ریاست میں مختلف کارپوریشنوں اور اقلیتی اداروں کے صدورنشین کی جانب سے اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے کیونکہ یہ صدورنشین سابق تلگودیشم حکومت کی جانب سے تقرر کئے گئے تھے اور اب حکومت کی تبدیلی کے پیش نظر اخلاقی طور پر اپنے عہدوں سے سبکدوش ہورہے ہیں۔ صدرنشین آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ و سابق رکن اسمبلی مسٹر جلیل خان نے جگن موہن ریڈی کو چیف منسٹر عہدے کا جائزہ حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وہ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ بورڈ کے صدرنشین کا عہدہ ’’سانپوں کے پٹھے‘‘ سے کچھ کم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی انتخابات میں سخت محنت کے ساتھ پارٹی کیلئے کام کرنے والے تمام قائدین و کارکنوں سے اظہارتشکر کیا اور بتایا کہ انتخابات میں تلگودیشم پارٹی اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے مابین کانٹے کا مقابلہ تھا لیکن بعض افراد کی وجہ سے پارٹی کو نقصان پہنچا۔ مسٹر جلیل خان نے مزید کہا کہ وہ عوامی خدمت کیلئے دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے چیف منسٹر سے ریاست میں بہتر نظم و نسق عوام کو فراہم کرنے کی خواہش کی۔ سابق رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی نے ریمارک کیا کہ گذشتہ دنوں منعقدہ اسمبلی انتخابات بالکلیہ طور پر طبقاتی اساس پر انجام پائے اور اس مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرنے کی شدید ضرورت پر زور دیا۔