جعلی ڈگریوں کا اسکینڈل قوم کیلئے شرمناک : پاک سپریم کورٹ

اسلام آباد ۔ 19 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی سپریم کورٹ نے آج ملک میں ’’جعلی ڈگریوں‘‘کے اسکینڈل کو قوم کیلئے انتہائی شرمناک قرار دیا جس میں ایک پاکستانی کمپنی ملوث ہے اور اس طرح اس ’’ڈپلوما مل‘‘کی تحقیقات کیلئے ملک کی اعلیٰ سطحی ایجنسی کو ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جس نے برطانوی شہریوں کو ہزاروں جعلی ڈگریاں جاری کیں۔ اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (FIA) کو مذکورہ اسکینڈل میں ملوث ایگزیکٹ نامی کمپنی کیخلاف تحقیقات کرتے ہوئے اپنی رپورٹ اندرون دس روز داخل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس موقع پر جج نے کہا کہ اگر یہ اسکینڈل واقعتاً رونما ہوا ہے تو ہمارے لئے یہ شرم سے ڈوب مرنے کے مترادف ہے جس نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹ کمپنی نے برطانیہ میں 2013ء اور 2014ء کے درمیان زائد از 3000 جعلی ڈگریاں جاری کیں جن میں پی ایچ ڈی اور ڈاکٹریٹ کی بھی جعلی ڈگریاں شامل ہیں۔