جعلی پاس بکس کے ذریعہ 99 لاکھ قرض کا حصول

یلاریڈی میں بینک منیجر کی شکایت پر 81 کسانوں کے خلاف مقدمات درج

یلاریڈی ۔ 24؍ فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جعلی پٹہ پاس بکس تیار کر کے 99 لاکھ روپئے کا قرض حاصل کرنے کا الزام لگاتے ہوئے یلاریڈی گرامنا بینک منیجر مسٹر یوسف نے ان دنوں ہی پولیس میں شکایت درج کروائی ‘ جس پر 81 کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ۔ منڈل لنگم پیٹ کے بھوائی پیٹ ‘ جلدی پلی ‘ رام پور ‘ ممباجی پیٹ ‘ کنڈاپور ‘ کنچمل اور ممباجی پیٹ تانڈا سے تعلق رکھنے والے 81 افراد کسان سال 2016-17 میں گرامینا بینک سے زرعی قرض حاصل کیا ۔ ان تمام کسانوں نے جعلی پاس بکس کے ذریعہ بینک سے قرض لینے کی افواہوں پر بینک عہدیداروں نے پٹہ پاس بکس کی جانچ و معائنہ کیا ۔ اور آڈٹ کے دوران نقلی پٹہ جات دکھا کر 99 لاکھ روپئے کا قرض لینے کا انکشاف ہونے پر پولیس میں ان ذمہ دار کسانوں کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ۔ اور بینک منیجر مسٹر یوسف نے ریونیو عہدیداروں کے ذریعہ پٹہ جات کا معائنہ کروانے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ایک عرصہ کے بعد پھر سے جعلی پٹہ پاس سے جعلسازی کرنے کا معاملہ منظر عام پر آنے سے منڈل میں ہلچل سی مچ گئی ہے ۔ سال 2012 سے منڈل لنگم پیٹ میں نقلی پٹہ پاس بکس کا معاملہ چل رہا ہے ۔ 2014 سے 2015 میں یلاریڈی منڈل کے لکشمی پور کے آندھرا بینک میں لنگم پیٹ منڈل کے ممباجی پیٹ ‘ کونڈا پور ‘ کنچمل ‘ جلدی پلی ‘ بھوائی پیٹ ‘ رام پور‘ شٹ پلی ‘آیاپلی مواضعات کے 121 کسانوں نے تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ روپئے کے قرض نقلی پٹہ پاس بکس کے ذریعہ حاصل کیا تھا جس کے بعد بینک عہدیداروں نے پولیس میں شکایت کرنے سے 121 کسانوں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا اور یہ تمام سازش بنا ریونیو کی مدد کے ہوناممکن نہیں ہے ۔ جعلی پاس بکس کی تیاری میں مقامی ریونیو عہدیدار بھی ملوث ہونے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ۔ کچھ ریونیو عملہ ریکارڈ میں اراضی نہ ہونے کے باوجود اراضی کی موجودگی درج کر کے قرض ریکارڈ تیار کرکے نقلی پٹہ پاس بکس جاری کئے گئے اور اس کے سہارے بینکوں سے لاکھوں روپئے کا قرض لینے دھوکہ دیا گیا ۔ منڈل کے کسانوں نے مطالبہ کیا کہ ان ٹھگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ جن افراد کی جعلسازی کی وجہ سے مستحق کسانوں کی زرعی قرض کے لئے چکر لگانے پڑرہے ہیں اور تعجب اس بات کا بھی ہے کہ 121 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے دو سال کا عرصہ گذر چکا ہے پھر بھی آج تک کوئی کارروائی نہیں ۔ اور پھر اب 81 کسانوں کے خلاف 99 لاکھ روپئے کا قرض جعلی پاس بکس کے ذریعہ حاصل کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے تو ان لوگوں کے خلاف کیا کارروائی ہوگی دیکھنا ہوگا ۔