جعلی ووٹ بھی ڈالے جائیں ‘ بی جے پی امیدوار کی اپیل

بدایوں (یوپی) ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں بی جے پی کی بدایوں امیدوار سنگھا مترا موریا اپنے کارکنوں کو ’’نقلی یا جعلی‘‘ ووٹ ڈالنے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔ یہ منظر کیمرے میں قید ہوگئے۔ سوشیل میڈیا پر گشت کر رہے اس ویڈیو میں موریا کو ایک انتخابی اجلاس میں پارٹی ورکروں کو ان لوگوں کے ووٹ ڈالنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا گیا ہے جو رائے دہی کیلئے پولنگ بوتھ پر حاضر نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ووٹ بھی ضائع نہیں ہونا چاہئے اور کچھ لوگ ووٹ ڈالیں نہ آئیں تو یہ بات عام ہے کہ ان کی جگہ جعلی ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ اگر آپ کو اس کا موقع ملے تو اس کا پورا پورا فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔ اگر آپ حقیقی رائے دہندوں کو ووٹ ڈالنے پر مائل کرسکیں تو ایسا کرنے کی ضرورت نہیں۔ جب ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس معاملے کی کوئی اطلاع نہیں ہے لیکن میں ان معاملات کا جائزہ ضرور لوں گا۔ موریا، اترپردیش کے ریاستی وزیر سوامی پرساد موریا کی دختر ہیں۔