جعلی اسناد کی تیاری و فروخت پر دو افراد بشمول خانگی ٹیچر گرفتار

ملزمین سے سرٹیفیکٹس و دیگر اشیاء ضبط ، اڈیشنل ڈی سی پی ٹاسک فورس کوٹی ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ تیار اور فروخت کرنے میں ملوث دو افراد بشمول خانگی ٹیچر کو ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس مسٹر این کوٹی ریڈی نے بتایا کہ 34 سالہ قطب الدین خان ساکن ماما بختاور ہاٹ سنتوش نگر اس ٹولی کا مبینہ طور پر سرغنہ ہے اور اس نے ماضی میں بھی مبینہ طور پر جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ تیار کرنے والے وینو گوپال کے ساتھ کام کرچکا ہے اور اس نے سرٹیفکیٹ کی تیاری میں تجربہ حاصل کیا۔ قطب الدین نے کمپیوٹر سنٹر، کلر پرنٹر اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کے ذریعہ مختلف تعلیمی بورڈس اور یونیورسٹیز کے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس مبینہ تیار کرنے لگا اور اسے اپنے دوست چندرائن گٹہ بنڈلہ گوڑہ کے ساکن خانگی ٹیچر عبدالقدیر کی مبینہ مدد سے فروخت کرنے لگا۔ اسی دوران اس کی ملاقات کریسنٹ جونیر کالج کے پرنسپل مظہر خان کی مدد سے مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس فروخت کرنے لگا۔ اس کاروبار میں سکندرآباد کے گڈم وینو گوپال اور نظام آباد کے ملاوت موہن نے قطب الدین خاں کی مبینہ مدد کی۔ پولیس نے بتایا کہ مذکورہ جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس کو خواہشمند طلبہ کو فروخت کئے جاتے تھے۔ پولیس نے قطب الدین اور عبدالقدیر کے قبضہ سے کئی جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹس اور دیگر اشیاء برآمد کرلیا۔