جعلسازی کے الزام میں زرداری کی عدالت میں پیشی

اسلام آباد 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری آج ایک عدالت میں پیش ہوئے جہاں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ عدالت میں اُن کی یہ حاضری اُن پر جعلسازی کے مقدمہ کے سلسلہ میں تھی۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے کہاکہ اُن پر عدالتِ احتساب الزامات عائد نہیں کرسکتی۔ مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی گئی اور آئندہ سماعت 18 جنوری مقرر کی گئی ہے۔

ختم جنوری تک مشرف کی بغرض علاج امریکہ روانگی؟
اسلام آباد 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف ختم جنوری تک امریکہ میں علاج کے لئے پاکستان سے روانہ ہوجائیں گے۔ اُن کے ارکان خاندان نے اطلاع کی توثیق کی۔ ایک سینئر سکیورٹی عہدیدار نے بھی کہاکہ مشرف نے پاکستان سے روانہ ہونے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اُن کے سابق فوجی ساتھیوں نے اُنھیں روانگی کی ترغیب دی ہے۔ روزنامہ ڈان کی خبر کے بموجب گزشتہ جمعرات کو پرویز مشرف کو مسلح افواج کے ادارہ برائے امراض قلب راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا جب کہ انھوں نے اسلام آباد میں خصوصی عدالت میں غداری کے موقف کی سماعت کے لئے جانے کے دوران راستہ میں سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔ ابتدائی طبی رپورٹ کے بموجب سابق فوجی حکمران فی الحال 9 امراض میں مبتلا ہیں۔