جشن سال نو کے پیش نظر ٹریفک تحدیدات فلائی اوورس بند، حیدرآباد و سائبرآباد اور رچہ کنڈہ پولیس کی چوکسی

حیدرآباد ۔ /30 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سال نو کے موقع پر حیدرآباد ، سائبر آباد اور رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں جس میں ٹریفک تحدیدات عائد کرنے کے علاوہ آؤٹر رنگ روڈ اور شہر کے تمام فلائی اوورس کو رات کے اوقات بند کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار کے بموجب 31 ڈسمبر کی شب ٹریفک کو این ٹی آر مارگ ، نیکلس روڈ اور اپر ٹینک بینڈ کی سمت جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ وی وی مجسمہ سے نکلس روڈ اور این ٹی آر مارگ کی سمت آنے والی ٹریفک کا رخ خیرت آباد اور راج بھون روڈ کی سمت کردیا جائے گا ۔ بی آر کے بھون سے این ٹی آر مارگ جانے والی ٹریفک کا رخ تلگو تلی جنکشن ، اقبال مینار ، لکڑی کا پل ، ایودھیا جنکشن کی سمت کردیا جائے گا ۔ اسی طرح لیبرٹی جنکشن اپر ٹینک بنڈ آنے والی ٹریفک کا رخ جی ایچ ایم سی ، وائی جنکشن ، بی آر کے بھون اور دیگر مقامات پر کردیا جائے گا ۔ خیرت آباد مارکٹ سے نکلس روڈ سے آنے والی ٹریفک کا رخ خیریت آباد بڑا گنیش ، راجدوتھ ہوٹل کردیا جائے گا ۔ منٹ کمپاؤنڈ ، سکریٹریٹ کی روڈ مکمل طور پر بند کردی جائے گی ۔ نلہ کنٹہ ریلوے بریج سے سنجیویا پارک سے آنے والی ٹریفک کا رخ کربلا میدان ، منسٹر روڈ کی سمت کردیا جائے گا ۔ اسی طرح سکندرآباد علاقہ میں سیلنگ کلب سے کواڑی گوڑہ چوراہا جانے والی ٹریفک کا رخ اشوک نگر آر ٹی سی چوراہا کی سمت کردیا جائے گا ۔ کمشنر پولیس سائبر آباد ، مسٹر وی سی سجنار کے بموجب آؤٹر رنگ روڈ کو عوام کیلئے رات گیارہ بجے تا صبح 5 بجے تک بند کردیا جائے گا اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ جانے والے ایر پاسنجرس کو ان کے فلیٹ ٹکٹس بتانے پر جانے کی اجازت رہے گی ۔ شہر کے اطراف و اکناف تمام فلائی اوورس کو بند کردیا جائے گا ۔