جشن سال نو سے قبل ڈرگس کا بین الاقوامی ریاکٹ بے نقاب

کوکین و ہیرئن منشیات ضبط ، تین طلبہ گرفتار ، سٹی پولیس کمشنر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سال نو سے عین قبل حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک بین الاقوامی ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے نائجیریا اور گھانا سے تعلق رکھنے والے تین طلباء کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے کوکین اور ہیروئین منشیات برآمد کرلئے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ 28 سالہ نائجیریائی طالبعلم اجاہ جان چوکوو ہے جو اپنے دو ساتھیوں 27 سالہ برناڈ ویلسن اور 30 سالہ گھانا کے میسن لوکاس کی مدد سے شہر میں بڑے پیمانے پر ڈرگس سربراہ کررہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ چوکوو عرف پیٹرک ولیمس سال 2015 ء میں حیدرآباد اسٹوڈنٹ ویزا پر آیا تھا اور وہ بنجارہ ہلز زہرہ نگر میں مقیم تھا ۔ پیٹرک ولیمس اکثر شہر کے مختلف پبس اور بارس کو جایا کرتا تھا جہاں پر اس کی ملاقات ڈیویڈ کرس رچرڈس سے ہوئی جو کینیا کا باشندہ تھا ۔ پیٹرک نے اس کی مدد سے ڈرگس کے کاروبار میں ملوث ہونے لگا جس کے نتیجہ میں اسے پولیس جوبلی ہلز نے جاریہ سال مارچ میں گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضہ سے ایک فرضی پاسپورٹ بھی برآمد کیا تھا ۔ نائجیریا کے ایک اور طالبعلم برناڈ ویلسن جسے سابق میں گولکنڈہ پولیس نے ڈرگس کے کاروبار میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا تھا ۔ پیٹرک ولیمس برناڈ ویلسن نے میسن لوکاس کی مدد سے شہر میں ڈرگس کے گاہکوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ممنوعہ منشیات فراہم کررہے تھے ۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے اس بات کی اطلاع ملنے پر مذکورہ نائجیریائی باشندوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 250 گرامس کوکین ، 25 گرام ہیروئین ، 10 موبائیل فون ، ڈرگس سے لیس 30 چاکلیٹ برآمد کرلئے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ جشن سال نو کے موقع پر دونوں شہروں میں ڈرگس کے کاروبار پر کڑی نظر رکھی جارہی تھی جس کے نتیجہ میں مذکورہ بین الاقوامی ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کیا گیا ۔