جرمن معاون پائلٹ کی دماغی حالت کا جائزہ

مارسیلی ۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی پولیس کے ایک عہدیدار کا کہنا ہیکہ یوروپی سراغ رساں 27 سالہ جرمن معاون پائلٹ کی دماغی حالت کا تجزیہ کرنے پر زائد توجہ مرکوز کررہے ہیں کہ شاید انہیں ایسا کوئی سراغ مل جائے جس سے یہ پتہ چلے کہ آیا وہ کوئی نفسیاتی مریض تو نہیں تھا۔ یاد رہیکہ اسی معاون پائلٹ نے آپس کی برفانی پہاڑیوں پر طیارہ کو قصداً گرا دیا تھا جس میں 150 مسافرین ہلاک ہوگئے تھے۔ دریں اثناء جرمنی میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کے بعد واپس ہوئے۔ پولیس سراغ رساں جین پیٹر مائیکل نے اسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ حکام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کونسے حالات تھے جس نے معاون پائلٹ اینڈ ریاس لیوبٹز کو ایسا خطرناک قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔ اسی دوران جرمن ونگز ایئرلائنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر اولیور واگنر نے طیارہ کے مہلوکین کے کچھ رتشہ داروں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 325 افراد فرانس پہنچے ہیں۔ اسی دوران جرمن طیارہ کے دوسرے بلیک باکس کی تلاش بھی جاری ہے۔