جرمن عوام سے پناہ گزینوں کی مدد کرنے انجیلا مرکل کا اظہارتشکر

برلن ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے آج اپنے سالانہ نئے سال کے خطاب کے دوران اپنے ان تمام سرکاری ساتھیوں اور عہدیداروں سے اظہارتشکر کیا جنہوں نے شبانہ روز 2015ء کے دوران شام اور دیگر گڑبڑ زدہ ممالک سے جرمنی آنے والے ایک ملین پناہ گزینوں کو یہاں بازآباد کار کرنے انتھک محنت کی۔ مرکل کی تقریر پبلک ٹیلیویژن پر ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 10.30 بجے ٹیلی کاسٹ کی جائے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد سے ان پناہ گزینوں کو بازآباد کرنے سخت جانفشانی سے کام کرنے پر ان کی ستائش کی اور کہا کہ پناہ گزینوں نے بھی یہاں پہنچنے کیلئے بعض ایسے راستے اور ذرائع استعمال کئے جہاں قدم قدم پر انہیں موت کا خطرہ لاحق تھا۔ انجیلا مرکل نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر پناہ گزینوں کے بحران کو چابکدستی اور دانشورانہ صلاحیت کے ساتھ حل کرلیا گیا تو جرمنی آنے والے پناہ گزین مستقبل میں خود ہمارے ملک کیلئے منفعت بخش ثابت ہوں گے۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ جرمنی ہمیشہ سے ایک مہمان نواز ملک کے طور پر مشہور رہا ہے لہٰذا ہمارے سماج کو اپنے اقدار فراموش نہ کرتے ہوئے پناہ گزینوں کے موضوع پر اپنے نظریات کو تقسیم کرنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی پناہ گزینوں کے تئیں نفرت کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے۔ جب پناہ گزین یہاں مستقل طور پر آباد ہوجائیں گے تو یہی لوگ ملک کی ترقی میں بھی اپنا رول ادا کریں گے۔